امریکی صدر نے اسرائیلی فوج کے ہاتھوں عائشہ نور کا قتل حادثاتی قرار دیدیا

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی صدر جو بائیڈن نے اسرائیل کے زیر قبضہ مغربی کنارے میں ایک 26 سالہ ترک نژاد امریکی کارکن کی ہلاکت کو اسرائیلی حکومت کی وضاحت کی تائید کرتے ہوئے ایک حادثہ قرار دے دیا۔

واضح رہے کہ اسرائیل نے دعویٰ کیا ہے کہ جمعہ کے روز عائشہ نور ایزی ایگی کو فوج کی فائرنگ سے بالواسطہ اور غیر ارادی طور پر نشانہ بنایا گیا۔

بائیڈن نے کہا ایسا لگتا ہے کہ یہ ایک حادثہ تھا، گولی زمین سے اچھلی اور کارکن کو حادثاتی طور پر لگ گئی۔

جوبائیڈن کے اس بیان سے قبل امریکی حکام نے ایگی کی ہلاکت پر اسرائیل پر کڑی تنقید کی ہے، جنہیں احتجاج کے دوران گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا۔

اس سے پہلے سیکرٹری آف سٹیٹ اینٹونی بلنکن نے کہا تھا کہ ان کی موت بلا اشتعال اور بلاجواز تھی اور انہوں نے اسرائیل سے مطالبہ کیا کہ وہ مغربی کنارے میں کام کرنے کے طریقہ کار میں بنیادی تبدیلیاں کرے۔

امریکی محکمہ دفاع (پینٹاگون) نے کہا کہ سیکرٹری لائیڈ آسٹن نے اسرائیلی وزیر دفاع یوو گیلنٹ سے اسرائیلی فورسز کے ہاتھوں امریکی شہری عائشہ نور کی بغیر کسی اشتعال انگیزی کے واقع ہونے والی بلاجواز موت پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔

پینٹاگون نے بیان میں کہا امریکی وزیر نے گیلنٹ پر زور دیا کہ وہ مغربی کنارے میں کارروائیوں کے دوران اسرائیلی فوج کی طرف سے اپنائے گئے طریقہ کار پر نظر ثانی کریں۔

واضح رہے کہ عائشہ نور ایزی ایگی کو جمعہ کے روز مغربی کنارے میں ایک مظاہرے میں شرکت کے دوران سر میں گولی ماری گئی تھی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں