غزہ جنگ کا خاتمہ: دوحہ میں مصر، قطر اور حماس کے درمیان مذاکرات

دوحہ: (ویب ڈیسک) غزہ جنگ کے خاتمے کے لئے مصر، قطر اور حماس کے درمیان دوحہ میں مذاکرات ہوئے۔

باخبر ذرائع کے مطابق قطری وزیر اعظم محمد بن عبدالرحمان الثانی اور مصری انٹیلی جنس ڈائریکٹر عباس کامل نے اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی اور غزہ میں جنگ بندی کے مذاکرات میں تعطل کو توڑنے کی کوشش کی ہے اور حماس کے مذاکرات کاروں سے ملاقات کی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ دوحہ میں ہونے والی ملاقات کا مقصد حماس کو قائل کرنے کی کوشش کرنا تھا کہ وہ اسرائیلی جیلوں میں عمر قید کی سزا کاٹ رہے فلسطینی قیدیوں کی رہائی کے حوالے سے اپنے نئے مطالبات میں نرمی کرے، وائٹ ہاؤس نے غزہ پر ایک معاہدے تک پہنچنے کے لئے اپنی حکمت عملی کا از سر نو جائزہ لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق صدر جو بائیڈن کے سینئر معاونین نے اس بات پر غور کیا ہے کہ آیا حماس اور اسرائیل کی جانب سے مذاکرات میں سخت مؤقف اختیار کرنے کے ساتھ ساتھ نئی تجویز پیش کرنے کی کوئی اہمیت ہے یا نہیں۔

ایک سینئر اسرائیلی اہلکار نے کہا کہ بات چیت اختتام کو پہنچ گئی ہے اور ان کا خیال نہیں ہے کہ دوحہ میں ہونے والی ملاقات اس تعطل میں تبدیلی لائے گی، امریکہ، مصر اور قطر اب بھی اسرائیل اور حماس کو پیش کرنے کے لئے ایک نئی تجویز پر کام کر رہے ہیں۔

امریکی حکام کے مطابق گزشتہ دو ہفتوں کے دوران حماس کے نئے مطالبات کی وجہ سے وائٹ ہاؤس مختصر مدت میں کسی معاہدے تک پہنچنے کے امکان کے بارے میں کافی شکوک کا شکار ہو گیا ہے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں