کراچی: ڈاکوؤں نے مزاحمت پر فائرنگ کرکے بچی سمیت 5 افراد زخمی کردیئے

کراچی: (ویب ڈیسک) ڈاکوؤں نے فائرنگ کرکے کمسن بچی سمیت 5 افراد کو زخمی کر دیا۔

ناظم آباد 3 نمبر گلیکسی چوک کے قریب موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے ڈکیتی مزاحمت پر 35 سالہ ماجد کو فائرنگ کر کے زخمی کر دیا، لیاری کے سیکٹر 35 سی کے قریب ڈاکوؤں نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر 32 سالہ راشد کو زخمی کیا، دونوں زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

الفلاح کے علاقے میں ڈاکوؤں نے مزاحمت پر 38 سالہ راشد کو فائرنگ کر کے زخمی کر دیا، شاہ فیصل 5 نمبر ندی کے قریب فائرنگ سے 25 سالہ عظیم زخمی ہوگیا جسے طبی امداد کے لئے ہسپتال پہنچا دیا گیا، چھیپا حکام کے مطابق واقعہ ڈکیتی کے دوران ڈاکوؤں کی فائرنگ سے پیش آنے کا بتایا جا رہا ہے۔

جنجال گوٹھ پختون چوک کے قریب 10 سالہ ثنا نامی بچی کمر پر گولی لگنے سے شدید زخمی ہوگئی جسے فوری طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

چھیپا حکام نے بتایا کہ علاقے میں ڈکیتی کے دوران عوام کی مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے گلی میں کھڑی بچی زد میں آکر زخمی ہوئی تاہم پولیس مزید تحقیقات کر رہی ہے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں