کیپٹیو پلانٹس کو ترجیحی بنیادوں پر گیس فراہمی ختم کرنے کی منظوری
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں کیپٹیو پلانٹس کو ترجیحی بنیادوں پر گیس فراہمی ختم کرنے کی منظوری دے دی گئی۔
اجلاس میں گھریلو کنکشنز، صنعتی اور کمرشل کنکشنز کو ترجیحی بنیادوں پر گیس فراہم کرنے کی منظوری دی گئی، گلگت چترال 48 کلومیٹر سڑک تعمیر کے منصوبہ کیلئے سول ورکس خریداری سمری کا جائزہ لیا گیا، سول ورک خریداری پبلک پروکیورمنٹ رول 5 کے تحت جاری رکھنے کی اجازت دی گئی۔
ای سی سی اجلاس میں گندم سبسڈی سکیمز بقایاجات کی ادائیگی کیلئے 23 کروڑ 84 لاکھ کی گرانٹ منظور کی گئی، منظوری سال 16-2015 گندم سبسڈی سکیم کے بقایا جات کی مد میں دی گئی۔
اجلاس میں سینیٹ خزانہ کمیٹی سفارشات کا بھی جائزہ لیا گیا، پاکستان سینٹرل کاٹن کمیٹی کیلئے 65 کروڑ 60 لاکھ روپے کی گرانٹ منظور کی گئی، رقم پی سی سی سی کے ملازمین کی تنخواہ اور پنشن کی ادائیگی کے لیے استعمال ہوگی۔
ای سی سی نے پاکستان سینٹرل کاٹن کمیٹی کے ادارے کو بند کرنے کی سفارش کی، بندش سے متعلق امور کا جائزہ کیلئے وفاقی کابینہ کو رائٹ سائزنگ کیلئے بھجوا دیا گیا۔