بنوں میں نامعلوم افراد کی پولیو ٹیم پرفائرنگ، پولیس اہلکارشہید

بنوں: (دنیانیوز) بنوں کی تحصیل ڈومیل کے مہاجر کیمپ کے قریب نامعلوم افراد نے پولیو ٹیم پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں سکیورٹی پر مامور پولیس اہلکار شہید ہوگیا۔

شہید کانسٹیبل کی شناخت نور عالم کے نام سے ہوئی، واقعے کے خلاف پولیس اہلکاروں نے پولیس لائن بنوں کے سامنے دھرنا دے دیا جبکہ چیمبر آف کامرس اور تاجر بھی دھرنے میں شامل ہوگئے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی باجوڑ میں پولیو ٹیم پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پولیو ورکر اور سکیورٹی پر تعینات ایک پولیس اہلکار جاں بحق ہوگیا۔

دوسری جانب لاہور کے علاقے داتا گنج بخش ٹاؤن یو سی 69 میں پولیو ٹیم پر تشدد کا واقعہ سامنے آیا ہے جہاں پولیو ورکرز کو لڑکی نے تشدد کا نشانہ بنایا، پولیو ورکرپر تشدد کی فوٹیج سامنے آ گئی۔

فوٹیج کے مطابق پولیو قطرے نہ پلانے پر لڑکی نے پہلے جھگڑا کیا، پھر تشدد پر اتر آئی، تشدد کے دوران خاتون پولیو ورکر کے کپڑے بھی پھٹ گئے۔

اطلاع ملنے کے باوجود پولیس تاخیر سے موقع پر پہنچی، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پولیو ٹیم پر تشددکی خبر کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی۔

واضح رہے کہ ملک بھر کے 115 اضلاع میں انسدادِ پولیو مہم کا آج چوتھا روز ہے ، ترجمان وزارت صحت کا کہنا ہے کہ  اب تک تقریباً 1 کروڑ 73 لاکھ بچوں کو پولیو کے قطرے پلائےجا چکے ہیں جبکہ پولیو وائرس کے خاتمے کیلئے عملی اقدامات کیے جارہے ہیں۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں