اسرائیل کا فلاڈیلفی کوریڈور کے علاقے میں 80 فیصد سرنگیں تباہ کرنے کا دعویٰ

تل ابیب : (ویب ڈیسک ) اسرائیلی فوج کاکہنا ہے کہ ہم نے فلاڈیلفیا کوریڈور کے علاقے میں 80 فیصد سرنگیں تباہ کر دی ہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے گزشتہ روز کہا کہ اس نے حماس تحریک کے رفح بریگیڈ کو مکمل طور پر شکست دیتے ہوئے اس کے 200 ارکان کو ہلاک کر دیا ہے۔

صہیونی فوج نے ایک بیان میں کہا کہ اس نے فلاڈیلفی کوریڈور کے علاقے میں 80 فیصد سرنگیں تباہ کر دیں جن میں وہ 9 سرنگیں بھی شامل ہیں جو سرحد عبور کر کے مصر میں داخل ہو رہی تھیں، بقیہ سرنگوں کو بھی تباہ کیا جارہا ہے۔

فوج کاکہنا ہے کہ وہ فلاڈیلفی کے علاقے سے افواج کے انخلا کے حوالے سے سیاسی سطح کے فیصلے کا انتظار کر رہی ہے۔

ادھر اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے جمعرات کے اوائل میں حماس کے جواب میں بدھ کو ایک بار پھر اس بات کی تصدیق کی تھی کہ اس نے غزہ کی پٹی میں جنگ بندی کے لیے گزشتہ مئی کے آخر میں امریکی صدر جو بائیڈن کی پیش کردہ تجویز سے اتفاق کیا ہے، ایک بیان میں ان کے دفتر نے فلسطینی تحریک پر اپنے موقف کی سچائی کو چھپانے کی کوشش کرنے کا الزام لگایا۔

نیتن یاہو نے دعویٰ کیا کہ اسرائیل نے گزشتہ 16 اگست کو امریکہ کی طرف سے کی گئی حتمی ثالثی کی پیشکش کو قبول کر لیا تھا لیکن حماس نے اسے مسترد کر دیا اور ہمارے 6 اغوا کاروں کو بھی سرد مہری میں قتل کر ڈالا تھا۔

حماس نے بدھ کی شام اعلان کیا تھا کہ خلیل الحیہ کی سربراہی میں اس کے مذاکراتی وفد نے غزہ میں جنگ بندی پر بات چیت کے لیے قطری وزیر اعظم شیخ محمد بن عبدالرحمن الثانی اور مصری انٹیلی جنس چیف عباس کامل سے قطری دارالحکومت دوحہ میں ملاقات کی تھی اور وفد نے بائیڈن کی تجویز سے اتفاق کیا تھا۔

حماس نے اسرائیل کی طرف سے اس پر پیش کیے گئے کسی بھی نئے مطالبے کو مسترد کر دیا۔

یاد رہے بائیڈن نے گزشتہ مئی کے آخر میں وائٹ ہاؤس سے ایک تقریر میں اعلان کیا تھا کہ اسرائیل نے جنگ بندی اور تمام قیدیوں کی رہائی کے حوالے سے ایک جامع تجویز پیش کی جو 3 مراحل پر مشتمل تھی ، اس میں ایک جامع تجویز تھی۔ پہلے مرحلے میں مکمل جنگ بندی، پھر غزہ کے تمام آبادی والے علاقوں سے اسرائیلی افواج کا انخلا شامل تھا۔

تاہم نیتن یاہو بعد میں مصر اور غزہ کی پٹی کے درمیان سرحد پر واقع فلاڈیلفی کوریڈور (صلاح الدین کوریڈور) میں اپنی فوجی موجودگی پر اصرار کرتے رہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں