بلاول بھٹو کا این اے 171 کے ضمنی انتخاب میں پارٹی امیدوار کی کامیابی پر اظہار تشکر
کراچی: (دنیا نیوز) چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے این اے 171 کے ضمنی انتخاب میں پارٹی امیدوار کی کامیابی پر عوام سے اظہار تشکر کیا ہے۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مخدوم طاہر رشید الدین کو شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کی اور حلقہ کے جیالوں کو شاباش دیتے ہوئے رحیم یار خان کے عوام کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ رحیم یار خان کے عوام نے پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت پر اعتماد کیا، یہ فتح پی پی پی کے ترقی پسند، شمولیتی اور جمہوری پاکستان کے ویژن پر عوام کے اعتماد کا اظہار ہے، مَخدوم طاہر رشید الدین کی کامیابی صرف پارٹی کی جیت نہیں بلکہ رحیم یار خان کے عوام کی فتح ہے۔
انکا کہنا تھا کہ یہ رحیم یار خان کے ان لوگوں کی فتح ہے، جنہوں نے پسماندگی پر ترقی اور کھوکھلے وعدوں پر حقیقی خدمت کو ترجیح دی، پیپلز پارٹی ووٹرز کی فلاح و بہبود کیلئے کام جاری رکھے گی۔
بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ یہ مینڈیٹ یاد دلاتا ہے کہ ہمیں ایمانداری، دیانتداری اور شفافیت کے ساتھ عوام کی خدمت کرنی ہے، پیپلز پارٹی ایک خوشحال اور متحد پاکستان کی جدوجہد جاری رکھے گی، ہم اپنے وطن کو ایک ایسا ملک بنائیں گے جہاں ہر شہری کو انصاف، مواقع اور وقار تک رسائی حاصل ہو۔