قصور: پولیس مقابلہ، سنگین مقدمات میں مطلوب انتہائی خطرناک 3 ڈاکو مارے گئے

قصور: (دنیا نیوز) قصور میں پولیس مقابلے میں سنگین مقدمات میں مطلوب انتہائی خطرناک تین ڈاکو مارے گئے۔

ہلاک ہونے والے ڈاکوؤں کی شناخت عباس سکنہ بصیرپور، سمیر سکنہ رائیونڈ اور مراتب سکنہ بہاولپور کے ناموں سے ہوئی ہے، ہلاک ڈاکوؤں نے گزشتہ سات روز میں کوٹ رادھاکشن اور صدر پھولنگر کے علاقوں میں دوران واردات 02 معصوم شہریوں کو ناحق قتل کیا تھا۔

05 ستمبر کو کوٹ راھاکشن کے رہائشی کپڑے کے تاجر شیخ تنویر کو صدر پھولنگر کے علاقہ متھراداس کے قریب دوران واردات نا حق قتل کیا تھا، 07 ستمبر کو کوٹ رادھاکشن میں شاپ رابری کے دوران محمد فرقان کو بھی دوران واردات ناحق قتل کر دیا  تھا۔

15 پر سلامت نامی شہری نے پولیس کو اطلاع دی کہ تین ڈاکو سینما موڑ کے قریب سے موٹرسائیکل چھین کر فرار ہو گئے ہیں، تھانہ کوٹ رادھاکشن پولیس نے فوری ریسپونڈ کرتے ہوئے ناکہ بندی کی تو دو موٹرسائیکل پر سوار تین ڈاکوؤں نے پولیس پارٹی پر سیدھی فائرنگ شروع کردی۔

پولیس پارٹی نے حق حفاظت خود اختیاری کے تحت جوابی فائرنگ کی، فائرنگ کا تبادلہ مسلسل جاری رہا، تھوڑی دیر بعد فائرنگ کا تبادلہ رکا تو تین ڈاکو شدید زخمی حالت میں پولیس کو ملے، ملزموں کے قبضے سے دو موٹرسائیکل اور اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔

پولیس کے مطابق زخمی ڈاکوؤں نے بتایا کہ گزشتہ سات روز کے دوران انہوں نے دو شہریوں کو بھی قتل کیا ہے، زخمی تینوں ڈاکوؤں کو ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ راستہ میں ہی دم توڑ گئے، ہلاک تینوں ڈاکو رابری معہ قتل کی دو وارداتوں کے علاوہ درجن کے قریب وارداتوں میں ریکارڈ یافتہ بھی تھے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں