فیصل واوڈا نے حکومت کو نکما اور نا اہل قرار دے دیا

اسلام آباد: (دنیانیوز) سابق وفاقی وزیر اور سینیٹر فیصل واوڈا نے حکومت کو نااہل اور نکما قرار دے دیا۔

اسلام آباد میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کے دوران سینیٹر فیصل واوڈا نے حکومت کی کارکردگی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ دو دن کی ہلچل کے باوجود آئینی ترمیم نہ ہونا حکومت کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔

صحافی کے آئینی ترمیم میں ناکامی کے حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نااہل اور نکموں سے یہی توقع کی جاسکتی ہے، حکومتی اراکین چھپ چھپا کر نکل رہے ہیں، حکومتی اراکین سے پوچھیں بل کیوں نہیں پیش ہوا۔

انہوں نے مزید کہا کہ سیاست کے چیمپئن آج کل سامنے آ رہے ہیں، آپ پوچھ لیں کہ انہوں نے کیا کیا ہے؟

فیصل واوڈا نے کہا کہ اپنا تجزیہ اور پیش گوئی جلد دوں گا، بتائیں گے انشااللہ لیکن گورنمنٹ کے لوگ نکلنے والے ہیں ۔

واضح رہے کہ دو روز سے حکومت کابینہ اور پارلیمنٹ سے آئینی پیکج منظور کروانے کی کوششوں میں مصروف ہے، جبکہ اپوزیشن جماعت پی ٹی آئی آئینی ترمیم کے فیصلے سے نالاں ہے۔

اس سلسلے میں حکومتی اور اپوزیشن وفد نے سربراہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سے بھی ملاقاتیں کی تاہم ابھی تک آئینی ترمیم کو پارلیمنٹ میں پیش نہیں کیا جا سکا۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں