وزیراعظم کی ترک صدر سے ملاقات، مختلف شعبوں میں مزید تعاون پر اتفاق
نیویارک: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے ترکیہ کے صدر سے ملاقات کی جس میں تجارت اور دفاع سمیت دیگر شعبوں میں مزید تعاون پر اتفاق کیا گیا۔
نیویارک میں اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے 79 ویں اجلاس کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کی ترک صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات ہوئی، دونوں رہنماؤں کا دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال ہوا اور تجارت، سرمایہ کاری، دفاع و سلامتی کے شعبوں میں باہمی طور پر مفید تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔
انہوں نے مستقبل قریب میں اسلام آباد میں منعقد ہونے والے پاکستان ترکیہ اعلیٰ سطح سٹریٹجک کوآپریشن کونسل (HLSCC) کے آئندہ 7 ویں اجلاس کی تیاریوں کا جائزہ لیا، دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور عالمی امور بالخصوص غزہ میں جاری نسل کشی اور سنگین انسانی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا، انہوں نے غزہ میں فوری طور پر انسانی بنیادوں پر جنگ بندی اور کشیدگی کے خاتمے کا مطالبہ کیا۔
وزیر اعظم نے غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر تسلط جموں و کشمیر (IIOJK) کے مظلوم عوام کیلئے ترکیہ کی مضبوط اور مستقل حمایت کو سراہا۔
ملاقات کے دوران صدر رجب طیب اردوان نے وزیراعظم کی معاشی پالیسیوں کی تعریف کی، انہوں نے وزیر اعظم کی قیادت اور اقتصادی اصلاحات کے عزم کو سراہا، مزید برآں ترکیہ کے صدر نے وزیراعظم شہبازشریف کو سالگرہ کی مبارکباد بھی دی۔
ملاقات کے بعد وزیر اعظم شہباز شریف نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ترکیہ سے ہمارے برادرانہ تعلقات ہیں، ترکی کے صدر رجب طیب اردوان کے ساتھ ملاقات سود مند رہی ہے، ترکیہ کے صدر کی اقوام متحدہ میں تقریر قابل تعریف تھی، ان کی اقوام متحدہ میں فلسطین پر تقریر دلوں کو چھو لینے والی تھی۔