وزیر اعظم سے بل گیٹس کی ملاقات، پولیو ویکسین پروگرام بارے اقدامات کی تعریف

نیویارک: (دنیا نیوز) وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی (UNGA 2024) کے 79ویں اجلاس کے موقع پر بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن (BMGF) کے بانی اور شریک چیئرمین بل گیٹس نے ملاقات کی۔

رواں برس جون میں بل گیٹس کے دورہ پاکستان کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے دسمبر 2024 میں سیٹل (Seattle) میں گیٹس فاؤنڈیشن کے دورے کی دعوت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

وزیرِ اعظم نے پولیو کے خاتمے، ماں اور بچے کی صحت، غذائیت، حفاظتی ٹیکوں، ڈیجیٹلائزیشن، اور مالی شمولیت کے لیے گیٹس فاؤنڈیشن کے پاکستان کے ساتھ تعاون کو بھی سراہا، انہوں نے ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کو یقینی بنانے کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔

شہباز شریف نے اس کوشش میں دیرینہ تعاون پر BMGF کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان میں صحت کے نظام کی مضبوطی اور ماں اور بچے کی غذائیت کے لیے مسلسل کوششوں اور تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔

پاکستان کی پولیو کے خاتمے کیلئے کوششوں کا اعتراف کرتے ہوئے بل گیٹس نے زور دیا کہ پولیو کا خاتمہ آئندہ نسلوں کو اس مہلک بیماری سے بچانے کے لیے بہت ضروری ہے، بل گیٹس نے ملک بھر میں پولیو ویکسین پروگرام میں وزیر اعظم کی ذاتی نگرانی اور صوبائی حکومتوں کے اقدامات کی تعریف کی۔

بل گیٹس نے افغانستان کے ساتھ صحت کے جامع ڈائیلاگ پر روشنی ڈالی اور ان اقدامات کے لیے تعاون کی درخواست کی، بل گیٹس نے ان جگہوں پر زیادہ توجہ مرکوز کرنے پر اپنی رضامندی کا بھی اظہار کیا۔

بل گیٹس نے وزیر اعظم کو شاہ سلمان انسانی امداد اور ریلیف سینٹر کی پولیو اور دیگر صحت سے متعلق امدادی اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا، وزیراعظم کے ساتھ بی ایم جی ایف کے غذائیت پر کام خاص طور پر حاملہ خواتین کے لیے مائیکرو نیوٹرینٹس کے بارے میں بھی بتایا۔

انہوں نے بتایا کہ یونیسیف کے تعاون سے انہیں اضافی وٹامن فراہم کرکے اسے کیسے بڑھایا جاسکتا ہے، وزیر اعظم نے گیٹس فاؤنڈیشن کی غزہ میں انسداد پولیو مہم کو سراہا۔

وزیراعظم نے فوری جنگ بندی اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق تنازعات کے حل پر زور دیا، شہباز شریف نے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں ایک قابل اعتماد اتحادی ہونے پر بی ایم جی ایف کی تعریف کی۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں