وزیر اعظم شہباز شریف سے برطانوی ہم منصب کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات پر گفتگو
نیویارک: (دنیا نیوز) وزیرِ اعظم شہباز شریف سے نیو یارک میں اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے 79 ویں اجلاس کے موقع پر برطانیہ کے وزیرِ اعظم رائٹ آنرایبل سر کیئر اسٹارمر نے ملاقات کی۔
ملاقات میں پاکستان اور برطانیہ کے مابین دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو ہوئی، دونوں رہنماؤں کے مابین پاک برطانیہ تعلقات کو مزید فروغ دینے اور مختلف شعبوں بالخصوص تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ پر اتفاق ہوا۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں پاکستان کی معاشی صورتحال پر بھی گفتگو ہوئی، وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے معاشی استحکام کے بعد ملکی معیشت کی ترقی کیلئے حکومت کے اقدامات بالخصوص ایف بی آر کی اصلاحات اور ٹیکس بیس میں اضافے پر روشنی ڈالی۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم سے بل گیٹس کی ملاقات، پولیو ویکسین پروگرام بارے اقدامات کی تعریف
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے ملاقات میں موسمیاتی تبدیلی کے مضر اثرات سے پاکستان کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا، وزیرِ اعظم نے پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی ایک عالمی مسئلہ ہے جس کے تدارک کیلئے عالمی برادری کو مل کر کام کرنا ہوگا۔
شہباز شریف نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے برطانیہ کے تیسرے بڑے ملک کا ذکر کرتے ہوئے پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع اور منصوبوں پر روشنی ڈالی۔
برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کے دونوں ممالک کی ترقی میں اہم کردار کا ذکر کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے دونوں ممالک کے عوامی روابط کے فروغ اور تبادلوں سے باہمی طور پر مفید ترقی کے اہداف کا حصول کے عزم کا اعادہ کیا۔