صدرمملکت ، وزیراعظم کا ملکی ترقی کیلئے سیاحتی صلاحیتوں سے استفادہ کرنے پرزور
اسلام آباد: (دنیانیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے پاکستان کی بے پناہ سیاحتی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
عالمی یوم سیاحت پر اپنے پیغام میں صدرمملکت آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ آج عالمی یوم سیاحت 2024 کو ہم "سیاحت اور امن” کے موضوع پر منا رہے ہیں، پاکستان میں سیاحت کے بے پناہ مواقع موجود ہیں کیونکہ اسے شاندار مناظر، پہاڑوں اور چوٹیوں، وسیع صحرائوں اور خوبصورت ساحلی پٹی سے نوازا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خطے کا یہ حصہ ایک بھرپور تاریخی ورثہ رکھتا ہے اور وادی سندھ اور گندھارا کی تہذیبوں کا گہوارہ بھی رہا ہے جو پاکستان کو روحانی جستجو اور ثقافتی دریافت کے لیے ایک پرکشش مقام بناتا ہے، پاکستان کی حقیقی سیاحتی استعداد کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے اور میں میڈیا پر زور دیتا ہوں کہ وہ اس سلسلے میں اپنا کردار مثبت انداز میں ادا کرے۔
صدر مملکت نے کہا کہ سیاحت قوموں کو جوڑنے کا ایک موثر ذریعہ ہے اور دنیا بھر میں متنوع ثقافتوں کے لوگوں کے درمیان افہام و تفہیم کو فروغ دیتی ہے، سیاح جب مختلف ممالک کی سیر کرتے ہیں، وہ متنوع ثقافتوں اور روایات کو دیکھتے ہیں جو دنیا بھر میں امن، ہم آہنگی اور خیر سگالی کو فروغ دینے میں مدد کرتے ہیں۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ سیاحت آمدنی کا ایک اہم ذریعہ ہے اور اس کی صلاحیت کو بڑھانے کے لیے ہمیں سڑکوں اور سیاحت کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی کو ترجیح دینی چاہیے، مزید برآں سیاحوں کے لیے ضروری سہولیات میں اضافہ ان کی حوصلہ افزائی کریں گے تاکہ وہ ہمارے قدرتی مناظر اور مذہبی مقامات سے محظوظ ہو سکیں ، قابل رسائی اور خوش آئند ماحول بنا کر ہم زیادہ سے زیادہ سیاحوں کو اپنی طرف متوجہ کر سکتے ہیں جو ہماری معیشت کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
صدرمملکت نے کہا کہ ہم اس عالمی یوم سیاحت 2024 کے موقع پر پاکستان کو سیاحت کا عالمی مرکز بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں جہاں دنیا بھر کے سیاح نہ صرف ہمارے خوبصورت مناظر، تاریخی اور مذہبی مقامات بلکہ ہمارے لوگوں کی پرتپاک مہمان نوازی سے بھی لطف اندوز ہو سکیں، سیاحت کے ذریعے باہمی ہم آہنگی پیدا کر سکتے ہیں اور دنیا کو پرامن بنانے میں اپنا حصہ ڈال سکتے ہیں۔
وزیراعظم شہبازشریف کا پیغام
وزیر اعظم شہباز شریف نے سیاحت کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ سیاحت دنیا بھر سے لوگوں کو آپس میں جوڑتی ہے، تیزی سے پھیلتی کثیر الثقافتی دنیا میں سیاحت ایک متحرک شعبے کے طور پر ابھر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اقوام عالم نے روابط بڑھانے، غلط فہمیوں اور دقیانوسی تصورات دور کرنے کیلئے سیاحت کا فائدہ اٹھایا، قدرت نے پاکستان کو دلکش مناظر، سرسبز میدانوں، دریاؤں، ندیوں اور پر شکوہ پہاڑی سلسلوں سے نوازا ہے، پاکستان مہرگڑھ، موہنجو داڑو، ہڑپہ اور گندھارا جیسی قدیم تہذیبوں کا مسکن ہے۔
وزیر اعظم کاکہنا تھا کہ ثقافتی تبادلوں سے اقتصادی ترقی، روزگار اور امن کے لیے سیاحت کا استعمال کیا جا سکتا ہے، نوجوان جدید ٹیکنالوجی سے سیاحت اور نئے کاروباری ماڈل تیار کرنے میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت سیاحت کی صنعت میں کاروباری اقدامات کو فروغ دے رہی ہے، ہم سیاحوں کے لیے دوستانہ ویزا نظام لائے ہیں، 126 ممالک کے سیاح بغیر کسی فیس کے فاسٹ ٹریک ویزا حاصل کر سکتے ہیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ یہ فیصلہ سیاحت کے شعبے کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرے گا، سیاحت کا شعبہ پاکستان میں سماجی و اقتصادی ترقی کی نئی راہیں کھولے گا، آئیے ہم اپنی روایتی گرمجوشی اور مہمان نوازی سے پاکستان کو ایک اہم سیاحتی مقام بنائیں ۔