پاکستانی معیشت میں امریکی سرمایہ کاروں کو راغب کرنا ترجیح ہے: وزیراعظم
نیویارک: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستانی معیشت کے تمام شعبوں میں امریکی سرمایہ کاروں کو راغب کرنا ترجیح ہے۔
نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 79 ویں اجلاس کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف سے امریکا بزنس کونسل کے وفد نے ملاقات کی۔
وفد سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حکومتِ پاکستان نے کاروبار میں سہولت پر توجہ مرکوز کی ہے، حکومت نے کارپوریٹ حلقوں کی تجاویز کو ترجیح دی، ایس آئی ایف سی ایک اعلیٰ سطح کی ون ونڈو ایجنسی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایس آئی ایف سی کے ذریعے زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی)، توانائی، کان کنی میں سہولت دی جا رہی ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ایس آئی ایف سی کا مقصد سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ کرنا، مسائل کا فوری حل اور سہولت کاری کے ذریعے منصوبوں پر عمل درآمد کو تیز کرنا ہے۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی کمپنیوں کو حکومت کی پالیسیوں سے استفادہ کی بھی دعوت دی۔