وزیراعظم شہباز شریف سے ممتاز پاکستانی امریکن بینکرز کے وفد کی ملاقات
نیویارک: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف سے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے 79 ویں اجلاس کے موقع پر ممتاز پاکستانی امریکن بینکرز کے وفد نے ملاقات کی۔
وفد میں جے پی مورگن ، نیٹیزس کارپوریشنز اینڈ انویسٹمنٹس، سومیٹومو مٹسوئی بینکنگ کارپوریشن، گولڈمین سیچس سٹیزنز بینک، لیزارڈ ،آوڈیکس گروپ سمیت ممتاز بینکوں کے نمائندے شامل تھے۔
وزیراعظم نے وفد کو معیشت کے استحکام اور پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے حکومت کی جانب سے کیے گئے اہم اقدامات سے آگاہ کیا، جن میں ٹیکس بیس کی وسعت، کاروبار میں سہولت و فروغ اور سرکاری اداروں میں جاری اصلاحات شامل ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ ان اقدامات کے نتیجے میں معاشی اعشاریوں میں بہتری آئی ہے اور بین الاقوامی ریٹنگ ایجنسیوں بشمول فچ اور موڈیز کی جانب سے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے وفد کو ایک پائیدار مالیاتی فریم ورک کے قیام کے بارے میں بھی بتایا، جو حکومت کو بین الاقوامی کیپٹل مارکیٹوں میں گرین، سسٹینیبلٹی بانڈ کے اجراء میں معاون ثابت ہوگا۔
وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے وفد نے حکومت کی ان پالیسیوں کی تعریف کی جو پاکستان میں معاشی استحکام کے حصول میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں، وفد نے برآمدات کو فروغ دینے میں مدد کے لیے مینوفیکچرنگ سیکٹر بالخصوص ایس ایم ایز کی ترقی کے لیے حکومت کے ساتھ تعاون میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
شہباز شریف نے امریکی بینکوں کو پاکستان میں انفراسٹرکچر، توانائی، ٹیکنالوجی اور زراعت کے اہم شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کی سہولت کے لیے مستحکم میکرو اکنامک ماحول کو برقرار رکھنے کے لیے حکومت کے عزم کا یقین دلایا۔