پاکستان سے ٹریکوما کے خاتمے کا اعلان تاریخی ہے، شہباز شریف

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں آج بڑا خوش نصیب دن ہے، پاکستان سے ٹریکوما کے خاتمے کا اعلان تاریخی ہے۔

اسلام آباد میں ٹریکوما کے حوالے سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ آج پاکستان سے ٹریکوما کے خاتمے کا اعلان کیا گیا ہے، وزارت صحت ، وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے مل کر کاوشیں کیں، کروڑوں لوگوں کی بروقت علاج سے بینائی بچ گئی۔

شہباز شریف نے کہا کہ ٹریکوما کی طرح زندگی کے ہر مرحلے میں ایک جان دو قالب ہو کر کامیابیاں حاصل کی جاسکتی ہیں، امید ہے ٹریکوما کی بیماری دوبارہ پاکستان میں نہیں آئے گی، پاکستان سے پولیو اور ہیپاٹائٹس کے خاتمے کی بھی ضرورت ہے۔

وزیراعظم نے بتایا کہ ٹریکوما کے خاتمے پر عالمی ادارہ صحت نے پاکستان کو سرٹیفکیٹ دیا، یہ وزارت صحت اور دیگر لوگوں کی محنت کی تصدیق ہے، ہم اسی طرح سے پاکستان کو دوسرے تمام میدانوں میں عظمت اور کامیابیوں سے ہمکنار کروائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں چیلنجز کیلئے خود کو تیار کرنا ہوگا اور اس کے لیے ہمارے پاس تکنیکی مہارت کا ہونا ضروری ہے، ڈاکٹر اور دیگر ادارے جب مشترکہ طور پر اقدامات کریں گے اُسی صورت میں ہمیں کامیابی مل سکتی ہے۔

شہباز شریف نے عالمی ادارہ صحت سے اپیل کی کہ وہ پاکستان میں جاری صحت کے منصوبوں میں تعاون کو مزید بڑھائے۔

واضح رہے کہ ٹریکوما ایک وبائی بیماری ہے جس کا بنیادی سبب ’کلیمیڈیا‘ نامی جراثیم ہے اور اس سے متاثرہ مریض اندھے پن کا شکار ہوسکتا ہے۔

ماہرین کے مطابق یہ بیماری ایک فرد سے دوسرے فرد کو لاحق ہو سکتی ہے اور یہ آنکھ یا ناک سے بہنے والی رطوبتوں کی وجہ سے پھیلتی ہے، خاص طور پر نومولود بچوں میں ماں سے یہ بیماری منتقل ہونے کا خطرہ زیادہ رہتا ہے۔

طبی ماہرین کے مطابق گندے کپڑوں، بستروں اور صاف پانی یا نکاسی آب کی بنیادی سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے یہ جراثیم پیدا ہوتا ہے اور پھر انسانوں کو متاثر کرتا ہے۔

عالمی ادارہ صحت کے مطابق ہر سال دنیا بھر میں ہزاروں لوگ ٹریکوما کا شکار ہوتے ہیں تاہم اب شعبہ طب میں جدت آنے کے باعث اس بیماری کا خاتمہ ہو رہا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں