رانا مشہود سے ایتھوپیا کے سفیر کی ملاقات، نوجوانوں کو با اختیار بنانے پر اتفاق

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان سے پاکستان میں ایتھوپیا کے سفیر جمال بکر عبداللہ نے ملاقات کی جس میں دونوں ممالک میں نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے نئی راہیں تلاش کرنے اورباہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ایتھوپیا کے سفیر جمال بکر عبداللہ نے توانائی اور اختراعات کو بروئے کار لانے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایتھوپیا کے نوجوان موسمیاتی تبدیلی کے خلاف جنگ میں ایک اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

رانا مشہود احمد خان نے موجودہ حکومت کے تحت ایتھوپیا کی متاثر کن ترقی کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ ہم اپنے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لئے تعاون کر سکتے ہیں، وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نوجوانوں کی ترقی کے لئے متعدد اقدامات کئے ہیں جس سے دونوں ممالک کو فائدہ ہوگا۔

ایتھوپیا کے سفیر نے مزید کہا کہ پاکستانی تاجروں کو ایتھوپیا میں جنوری 2025ء میں ہونے والی سنگل کنٹری نمائش میں شرکت کے لئے مدعو کیا گیا ہے جو تجارتی تعلقات کو مضبوط کرنے کا ایک منفرد موقع فراہم کرے گی۔

ملاقات میں پاکستان اور ایتھوپیا میں نوجوانوں کے مستقبل کے لئے مزید اقدامات کرنے کامشترکہ عزم ظاہر کیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں