پاکستانی پلیئرز کو مناسب ماحول، بہتر انتظامی ڈھانچہ دیا جائے: مکی آرتھر
لندن: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کوچ مکی آرتھر نے کہا ہے کہ پاکستان ٹیم کے کھلاڑی باصلاحیت اور اہل ہیں، انہیں مستقل مزاجی، مناسب ماحول اور بہتر انتظامی ڈھانچہ دیا جائے۔
مکی آرتھر نے انگلینڈ کے خلاف شکست کے بعد سوشل میڈیا پر اپنے خیالات کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان کرکٹ کے فالوور کے طور پر خیالات کا اظہار کر رہا ہوں۔
مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کو اچھا ماحول ملے گا تو وہ بہترین کارکردگی دکھائیں گے، میڈیا پر کی گئی منفی باتیں اور ایجنڈے ٹیم کے حق میں ٹھیک نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کی حد سے زیادہ تشہیر ان کے ذہن میں غلط فہمی پیدا کرتی ہے، وہ خود کو اصلیت سے زیادہ بڑا سمجھتے ہیں، پاکستان کے لیے کھیلنا سب سے بہترین وقت ہونا چاہیے۔
آرتھر نے نہ صرف کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کی تعریف کی بلکہ ٹیم کے مورال اور کارکردگی پر منفی اثرات ڈالنے والے عوامل کا بھی ذکر کیا۔
مکی آرتھر نے کہا کہ پاکستانی کھلاڑی بے پناہ صلاحیتوں کے حامل ہیں اور وہی درست کھلاڑی ہیں جو میدان میں موجود ہونے چاہئیں لیکن ٹیم کی کارکردگی میں بہتری کے لیے ضروری ہے کہ انتخاب، ماحول اور انتظامیہ میں تسلسل پیدا کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹیم کے کھلاڑیوں کو ایک واضح ڈھانچے کی ضرورت ہے تاکہ وہ مکمل فوکس کے ساتھ بہترین کارکردگی دکھا سکیں۔
آرتھر نے اس بات پر زور دیا کہ میڈیا اور بعض مخصوص حلقوں کی جانب سے پھیلائی جانے والی منفی بیان بازی اور میڈیا ایجنڈا ٹیم کے لیے نقصان دہ ثابت ہوتا ہے۔
مکی آرتھر نے مزید کہا کہ کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو صحیح سمت میں استعمال کرنے کے لیے ایک منظم اور پروفیشنل ماحول کی ضرورت ہے تاکہ وہ پوری توجہ کے ساتھ کارکردگی دکھا سکیں۔