عمران سے جیل مینوئل کے مطابق ہی ملاقات ہوگی: افنان اللہ خان
اسلام آباد :(دنیا نیوز) رہنما مسلم لیگ(ن)افنان اللہ خان نے کہا ہے کہ عمران خان سے جیل مینوئل کےمطابق ہی ملاقات ہوگی۔
دنیا نیوزکےپروگرام’’ٹونائٹ ود ثمرعباس‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے افنان اللہ خان کا کہنا تھا کہ عدالتی حکم پر18اکتوبرکوملاقات ہو جائے گی، تحریک انصاف کوملاقات کی اتنی جلدی کیوں ہے،ان کا مقصد ملاقات کی آڑ میں انتشار پھیلانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان سے جیل مینوئل کےمطابق ہی ملاقات ہوگی، مجھے یقین ہے بانی پی ٹی آئی انتشارکی ہی کال دیں گے، ان کوباہر سے ڈکٹیشن دی گئی ہے کہ شنگھائی کانفرنس کامیاب نہ ہو۔
افنان اللہ خان کا کہنا تھا کہ ہم انہیں ایس آئی سی کانفرنس کے دوران ملاقات کی اجازت نہیں دیں گے اور ہم احتجاج کی اجازت بھی نہیں دیں گے۔
انہوں نے آئینی ترامیم کے حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہوئے مزید کہا کہ آئینی ترامیم کے مسودے پراتحادیوں سےمشاورت کا عمل جاری ہے، ہم آئینی عدالت کےحق میں ہے، سپریم کورٹ کا کام صرف سیاسی کیسز کو سننا نہیں۔