پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی کے اجلاس میں ہنگامہ آرائی، آئینی ترامیم بارے فیصلہ نہ ہوا
اسلام آباد:(دنیا نیوز ) پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی کے اجلاس میں ہنگامہ آرائی کے باعث آئینی ترامیم بارے فیصلہ نہ ہوسکا۔
حکومتی ذرائع کے مطابق سید خورشید شاہ کی زیر صدارت خصوصی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، رانا تنویر حسین، سینیٹر عرفان صدیقی، پی پی رہنما سید نوید قمر، شیری رحمان ، راجہ پرویز اشرف ، علامہ ناصر عباس ، ایمل ولی خان ،خالد مگسی، اعجاز الحق ، کامل علی آغا اور اپوزیشن لیڈر عمر ایوب شریک ہوئے۔
پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر، سربراہ سنی اتحاد کونسل حامد رضا اور اسد قیصر نے آن لائن اجلاس میں شرکت کی، اجلاس کے دوران تمام جماعتوں کی جانب سے اپنے ڈرافٹ کمیٹی میں پیش کیے گئے۔
پی ٹی آئی اور پی پی ارکان میں تلخ کلامی
ذرائع کے مطابق اجلاس میں پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی ارکان کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا اور پی ٹی آئی ارکان نے تمام آئینی مسودوں پر مزید مشاورت کی تجویز دی جس پر راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ ایسا اب نہیں ہو سکتا ، ہم نے پہلے ہی بہت تاخیر کر دی ہے، اب ہم سب کو سنجیدگی دیکھانا ہوگی مزید تاخیر بلا جواز ہے، تمام سیاسی جماعتوں کے مجوزہ مسودے آ گئے ہیں، یہ ترمیم کسی فردواحد یا کسی مخصوص جماعت کیلئےنہیں 24 کروڑعوام کیلئے ہے۔
بعدازاں، کمیٹی نے مجوزہ مسودوں پر مزید مشاورت کے لیے وقت دینے کی تجویز مسترد کرتے ہوئے تمام سیاسی جماعتوں کے مسودوں کا جائزہ لینا شروع کیا۔اے این پی کا ڈرافٹ شیئر
عوامی نیشنل پارٹی (اےاین پی ) کی جانب سے بھی آئینی ترامیم پر مجوزہ ڈرافٹ شیئر کیا گیا جس میں خیبر پختونخوا کے نام کی تبدیلی کی تجویز پیش کی گئی جس کے مطابق صوبہ خیبرپختونخوا سے ’’ خیبر “ نکالا جائے۔
مجوزہ ڈرافٹ کے مطابق قدرتی گیس اور معدنی تیل کے انتظامی امور ، ریگولیشن کا معاملہ وفاق اور صوبوں کو مساوی دیا جائے، چیف جسٹس کی 3 سال کی میعاد آئینی خلاف ورزی ہے جو کہ قابل قبول نہیں، ہائیکورٹس کے برعکس ، سپریم کورٹ تمام ہائیکورٹس کے مقدمات کا بوجھ اٹھاتی ہے، اس لیے ایک وفاقی آئینی عدالت کا قیام جائز ہے۔
ڈرافٹ کے مطابق آئین میں سپریم کورٹ اور ایف سی سی دائرہ اختیار کی واضح شکلیں فراہم کرنے کی ضرورت ہے، کمیشن کی تشکیل کسی حد تک متوازن ہے۔
عمر ایوب اور ایمل ولی میں تلخ جملوں کا تبادلہ
اجلاس کے دوران اپوزیشن لیڈر عمر ایوب اور اے این پی کے سربراہ ایمل ولی میں بھی تلخ جملوں کا تبادلہ بھی ہوا، ایمل ولی کا کہنا تھا کہ بیرسٹر گوہر کے علاوہ پی ٹی آئی کےسب ارکان وقت ضائع کر رہے ہیں۔
ایمل ولی کے ریمارکس پر عمر ایوب کی جانب سے شدید ردعمل کا اظہار کیا گیا اور انہوں نے کہا کہ اس بات کا کیا مطلب ہے؟ آپ کون ہوتے ہیں یہ کہنے والے؟ جس پر ایمل ولی نے کہا کہ میں چیئر سے بات کر رہا ہوں، آپ بھی چیئر کو مخاطب کریں۔
عمر ایوب نے مکالمہ کیا کہ میں تو کبھی آپ سے بات ہی نہیں کرنا چاہتا، کون بات کر رہا ہے۔
ہنگامہ آرائی کے باعث خصوصی کمیٹی کا اجلاس بے نتیجہ ختم ہوگیا جس کے بعد 8 واں ان کیمرہ اجلاس 17 اکتوبر بروز جمعرات کو بلانے کا فیصلہ کیا گیا۔