دوسرا ٹیسٹ: پہلے روز کے اختتام پر پاکستان نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 259 رنز بنا لیے

ملتان: (دنیا نیوز) انگلینڈ کیخلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز کے اختتام پر پاکستان نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 259 رنز بنا لیے۔

ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جارہے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز صائم ایوب اور عبداللہ شفیق نے کیا۔

اوپنر بلے باز عبداللہ شفیق ایک مرتبہ پھر ناکامی کی تصویر بنے نظر آئے اور محض 7 کے انفرادی سکور پر وکٹ گنوا بیٹھے جبکہ کپتان شان مسعود بھی لمبی اننگز کھیلنے میں کامیاب نہ ہوسکے اور صرف 3 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، انگلینڈ کی جانب سے دونوں وکٹیں جیک لیچ نے حاصل کیں۔

2 وکٹیں جلد گرنے کے بعد صائم ایوب نے کامران غلام کیساتھ مل کر ٹیم کی پوزیشن بہتر کی اور دفاعی انداز میں کھیلتے ہوئے 77 رنز بنائے تاہم بعدازاں وہ میتھیو پوٹس کی گیند پر بین سٹوکس کو کیچ تھما بیٹھے۔

نئے آنے والے بلے باز سعود شکیل بھی وکٹ پر کچھ دیر کے مہمان ثابت ہوئے اور محض 4 رنز بنا کر  پویلین چلتے بنے جبکہ ڈیبیو میں سنچری سکور کرنے  والے کامران غلام 118 رنز بنا کر  شعیب بشیر کا شکار بنے۔

پہلے روز کے اختتام پر پاکستان نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 259 رنز بنا لیے ہیں جبکہ وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان 37 اور سلمان آغا 5 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔

ٹاس

قبل ازیں قومی ٹیم کے کپتان شان مسعود نے انگلینڈ کیخلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے قومی کپتان شان مسعود نے کہا ہے کہ ہم پہلی اننگز میں اچھا سکور بنانا چاہتے ہیں، سکور بورڈ پر بڑا سکور لگا کر دباؤ بڑھانے کی کوشش کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ پاکستان کیلئے کھیلنا اعزاز ہے، ٹیسٹ میں جیت کیلئے 20 وکٹیں لینی ہوتی ہیں، ہم سب بہت زیادہ پرجوش ہیں، بابراعظم، شاہین آفریدی اور نسیم شاہ کو آرام دیا گیا ہے لیکن ہمارے پاس اچھے سپنرز ہیں۔

اس موقع پر انگلش ٹیم کے کپتان بین سٹوکس نے کہا ہے کہ ٹاس جیتتے تو بیٹنگ ہی کرتے، پہلے ٹیسٹ میں اچھی کامیابی ملی، پہلے ٹیسٹ میں کامیابی کے بعد ٹیم کا مورال بلند ہے، دوسرا ٹیسٹ بھی جیت کر سیریز اپنے نام کرنا چاہتے ہیں۔

قومی سکواڈ

پاکستان کی پلیئنگ الیون میں ایک کھلاڑی کا ڈیبیو ہوا ہے جبکہ تین سپنرز شامل کیے گئے ہیں، دوسرے ٹیسٹ کے لیے اعلان کردہ ٹیم میں نعمان علی، ساجد خان اور زاہد محمود کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔

اس کے علاوہ عامر جمال، صائم ایوب، عبداللہ شفیق، شان مسعود، سعود شکیل، محمد رضوان، سلمان علی آغا پلیئنگ الیون کا حصہ ہیں، ٹیم میں کامران غلام کو بھی شامل کیا گیا ہے جو انگلینڈ کے خلاف ڈیبیو ٹیسٹ کھیل رہے ہیں۔

انگلینڈ کی ٹیم

انگلش ٹیم میں کپتان بین سٹوکس کی واپسی ہوئی ہے، بقیہ کھلاڑیوں میں زیک کرولی، بین ڈکٹ، اولی پوپ، جو روٹ، ہیری بروک، جیمی سمیتھ، برائیڈن کارس، میٹ پوسٹ، جیک لیچ اور شعیب بشیر شامل ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں