شہباز شریف سے روسی ہم منصب کی ملاقات، دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف سے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے موقع پر روس کے وزیراعظم نے دو طرفہ ملاقات کی۔

شنگھائی تعاون تنظیم سربراہانِ حکومت کے اجلاس کے موقع پر جمہوریہ روس کے وزیر اعظم مسٹر میخائل میشوسٹن نے وزیرِ اعظم ہاؤس میں شہباز شریف سے ملاقات کی، دونوں وزرائے اعظم نے دوطرفہ تعاون کے تمام شعبوں پر تبادلہ خیال کیا۔

ملاقات میں گزشتہ دو دہائیوں کے دوران پاکستان اور روس کے مابین تعلقات کی مثبت سمت پر اطمینان کا اظہار کیا گیا، دونوں رہنماؤں نے تجارت، صنعت، توانائی، علاقائی روابط، سائنس، ٹیکنالوجی اور تعلیم کے شعبوں میں مضبوط بات چیت اور تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے اپنے پہلے دورہ ماسکو کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ دورہ روس کسی بھی ملک کا پہلا دورہ تھا، دورے کی یادوں کو دونوں ممالک کے مابین تعلقات کی مضبوطی میں تبدیل کرنے کی خواہش کا اظہار کیا، دوطرفہ سیاسی، اقتصادی اور دفاعی مذاکرات کو تیز کرنے کی پاکستان کی خواہش کا اعادہ کیاِ۔

دونوں رہنماؤں نے اقوام متحدہ اور شنگھائی تعاون تنظیم سمیت کثیرالجہتی فورمز پر تعاون جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا، وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے برکس میں پاکستان کیلئے تعاون پر روسی وزیرِاعظم کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے رواں برس جولائی میں آستانہ میں صدر ولادیمیر پیوٹن کے ساتھ اپنی نتیجہ خیز ملاقات کا ذکر کیا، وزیر اعظم نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے مزید فروغ پر اتفاق کیا۔

شہباز شریف نے پاکستان اور روس کے مابین مواصلاتی روابط کے فروغ کیلئے براہ راست پروازوں کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

روسی وزیرِاعظم نے ایس سی او اجلاس میں پاکستان کی جانب سے کئے گئے شاندار انتظامات کی تعریف کی، انہوں نے پاکستان کی حکومت اور پاکستانی عوام کی جانب سے روسی وفد کے پرتپاک استقبال اور شاندار مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا۔

ملاقات میں روسی وزیر اعظم نے روس پاکستان تعاون کو مزید فروغ دے کر نئی بلندیوں پر پہنچانے کی اپنی خواہش کا بھی اظہار کیا، ملاقات میں دونوں وزرائے اعظم نے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں پر تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔

دونوں رہنماؤں نے عوامی روابط کے فروغ کیلئے روسی اور اردو زبان کے تدریسی تبادلوں اور سرمایہ کاری و تجارت کی سہولت کیلئے بینکنگ شعبے میں تعاون کے فروغ پر بھی اتفاق کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں