پاکستان فلسطینیوں کا گھر، ہمارے دل آپ کے لیے دھڑکتے ہیں: وزیر اعظم

اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف نےکہا ہے کہ پاکستان فلسطینیوں کا گھر ہے اور پاکستانیوں کے دل ان کے لیے دھڑکتے ہیں۔

پاکستان میں زیرتعلیم میڈیکل طلبا کے اعزاز میں رکھی گئی ایک تقریب سے عربی میں خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ ہم آپ کو خوش آمدید کہتے ہیں اور ہمارے گھر اور تعلیمی ادارے آپ کے لیے حاضر ہیں، پاکستان جتنا میرا گھر ہے اتنا ہی آپ کا بھی ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ اسرائیل نے بربریت کا مظاہرہ کرتے ہوئے 43 ہزار فلسطینی شہید کردیے ہیں لیکن عالمی برادری غزہ میں جنگ بندی کے لیے اب تک اپنا کردار ادا نہیں کرسکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیلی فوج سکولوں، ہسپتالوں اور پناہ گاہوں پر بمباری کر رہی ہے اور اس نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری کی سفارشات کو ردی کی ٹوکری کی نذر کردیا ہے، سکیورٹی کونسل اور عالمی عدالت بھی اسرائیل کے سامنے بے بس ہے۔

آخر میں وزیراعظم نے فلسطینی طلبا کو تمام تر سہولیات کی فراہمی کی یقین دہانی کراتے ہوئے مزید کہا کہ پاکستان فلسطینی اور لبنانی بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں