ملک کو پولیو فری بنانے کیلئے اپنی کوششوں میں ثابت قدم ہیں: وزیراعظم

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک کو پولیو سے پاک بنانے کیلئے اپنی کوششوں میں ثابت قدم ہیں۔

پولیو کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ انسداد پولیو کے حوالے سے آگاہی اور اس موذی مرض کے مکمل خاتمے کیلئے اپنے عزم کی تجدید کے لئے متحد ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پولیو ایسی بیماری جس نے دنیا بھر میں لاکھوں بچوں کو متاثر کیا ہے، پاکستان پولیو کے خاتمے کے مشن میں عالمی برادری کے ساتھ کھڑا ہے،ہماری حکومت ایک ایسے مستقبل کو یقینی بنانے کیلئے کوشاں ہے جہاں کوئی بچہ اس بیماری سے متاثر نہ ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے ہیلتھ ورکرز اور ڈبلیو ایچ او، یونیسیف اور بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن جیسے بین الاقوامی شراکت داروں کی انتھک محنت کی وجہ سے ہم نے پولیو کے کیسز کو کم کرنے میں نمایاں پیش رفت کی ہے تاہم سکیورٹی خدشات، پولیو ویکسین کے بارے غلط معلومات اور دور دراز علاقوں تک رسائی جیسی رکاوٹیں تاحال درپیش ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ان رکاوٹوں کے باوجود ہمارے ہیلتھ ورکرز ہر بچے کو قطرے پلانے کے لئے بہادری سے کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں