انگلینڈ کیخلاف شاندار کامیابی، ٹیم نے قوم کا سر فخر سے بلند کردیا: صدر، وزیراعظم
اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے انگلینڈ کیخلاف ٹیسٹ سیریز جیتنے پر قومی ٹیم اور قوم کو مبارکباد پیش کی ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ قومی کرکٹ ٹیم نے انگلینڈ کے خلاف بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا، ٹیم اور پوری قوم کو انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز جیتنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، امید ہے پاکستان کرکٹ ٹیم مستقبل میں بھی بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتی رہے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچز کی سیریز میں کامیابی پر قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ انگلینڈ کے خلاف ہوم ٹیسٹ سیریز میں کرکٹ ٹیم نے شاندار کھیل پیش کیا۔
شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کے جذبے اور ٹیم ورک نے قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے، پوری قوم کرکٹ ٹیم کی اس کامیابی پر خوش ہے، انشاء اللہ کامیابیوں کا یہ سلسلہ جاری رہے گا۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ
وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے پاکستان کرکٹ ٹیم کو کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا انگلینڈ کو شکست دینا خوشی کی بات ہے، ٹیسٹ کرکٹ سیریز میں کامیابی پر قوم کو مبارکباد دیتا ہوں، لگن اور جذبہ منزل کو حاصل کرنے کے لئے ضروری ہے۔
مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ ہم متحد ہو کر پاکستان کیلئے تمام تر کامیابیاں حاصل کر سکتے ہیں، سندھ اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔