مریم نواز کا آج جنم دن، وزیراعظم کا بھی نیک تمناؤں کا اظہار
لاہور: (دنیا نیوز) ملکی تاریخ کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ اور پنجاب کی دِھی مریم نواز کی آج 51 ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے۔
سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز 28 اکتوبر 1973ء کو پیدا ہوئیں، سالگرہ کے موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو وزیراعظم شہباز شریف سمیت پارٹی رہنماؤں، کارکنوں اور عزیز و اقارب کی جانب سے مبارکباد کے پیغامات بھیجے گئے ہیں۔
اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو سالگرہ کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے مشترکہ ویژن کے لئے آپ کی لگن اور عزم ثمر آور ہے، اللہ کرے یہ سال آپ کیلئے مزید طاقت، کامیابی اور بے شمار برکتیں لائے۔
مریم نواز کا سیاسی سفر 2013ء کے انتخابات سے شروع ہوا، وزیراعلیٰ نے جن حالات میں عملی سیاست کا آغاز کیا وہ ان کے والد میاں نواز شریف کے لئے مشکلات سے بھرپور تھے، مخالفین نے ان پر سیاست کے دروازے بند کرنے کیلئے مختلف حربے بھی استعمال کئے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے بہادر اور جرأت مند بیٹی ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے اپنے والد کا بھرپور ساتھ دیا، عدالتی پیشیاں، جلسے، جیل یا نیب کے عقوبت خانے ہوں، مریم نواز نے ہر جگہ مشکلات کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، انہی حالات میں مریم نواز ایک بڑی اور قد آور لیڈر بن کر اُبھریں، ناقدین نے بھی اعتراف کیا کہ مریم نواز ن لیگ کو بند گلی سے نکالنے میں کامیاب رہیں۔
مریم نواز 2024 کے عام انتخابات میں بڑے مینڈیٹ سے وزیراعلیٰ پنجاب منتخب ہوئیں، وزیراعلیٰ بنتے ہی 30 ارب روپے کا رمضان پیکیج دیا، ہندوؤں کیلئے ہولی اور مسیحیوں کیلئے ایسٹر پیکیج، پنجاب میں پہلی بار آٹا کم ترین قیمت پر آیا، 25 ہزار طلبہ کیلئے سکالرشپ، خواتین طلبہ میں الیکٹرک بائیکس تقسیم کیں۔
انہوں نے کسانوں کیلئے 400 ارب کا تاریخی پیکیج بھی متعارف کرایا، خصوصی افراد میں ہمت کارڈ کی تقسیم، بے گھر افراد کیلئے اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے تحت 15 لاکھ کے بلا سود قرضے شروع کئے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے اعلان کردہ عوام کی فلاح و بہبود کے پروگرام جاری ہیں، امید یہی ہے کہ ملکی معیشت اب ٹریک پر آرہی ہے جس کا سارا کریڈٹ صوبائی حکومت کو جاتا ہے۔