وزیراعظم رواں ہفتے سعودی عرب، قطر کا دورہ کرینگے، سعودی ولی سے ملاقات کا امکان
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف رواں ہفتے سعودی عرب اور قطر کا دورہ کریں گے، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کا بھی امکان ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف کل ریاض کے لئے روانہ ہوں گے، وزیراعظم ریاض انویسٹمنٹ فورم 2024 میں شرکت کریں گے۔
شہباز شریف کا 31 اکتوبر کو قطر جانے کا پلان بھی ہے، وزیراعظم کے دورے میں دوحہ میں پاک قطر تعلقات پر بات ہو گی۔
وزیراعظم کوپ 29 میں بھی پاکستان کی نمائندگی کریں گے، وزیراعظم 11 نومبر کو آذربائیجان میں ہونیوالی کانفرنس میں شریک ہوں گے۔
وزیر اعظم کے ترجمان کے مطابق شہباز شریف کی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کا امکان ہے، شہباز شریف کی دیگر اعلیٰ سعودی حکام کے ساتھ اہم دو طرفہ بات چیت متوقع ہے۔
ترجمان کے مطابق فریقین پاکستان اور مملکت سعودی عرب کے درمیان اقتصادی اور تزویراتی شراکت داری پر تبادلہ خیال کریں گے، فریقین اقتصادی، توانائی اور دفاعی شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو تلاش کریں گے۔
وزیر اعظم کے ترجمان کے مطابق وزیر اعظم کی ایف آئی آئی کانفرنس میں شرکت کرنے والے رہنماؤں اور کاروباری افراد کے ساتھ بھی ملاقات کی توقع ہے۔