پولیو کو ہمیشہ کیلئے شکست دینے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے: شہباز شریف
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہم نے مل کر پولیو جیسے چیلنج کو شکست دینی ہے، انشاء اللہ جلد پاکستان پولیو فری ملک بنے گا، جب تک پولیو کو ہمیشہ کیلئے شکست نہ دے لیں چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت انسداد پولیو کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا، جس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کے حوالے سے حکومتی پولیو ٹیم کی کوششیں لائق تحسین ہیں۔
شہباز شریف نے کوآرڈی نیٹر قومی صحت ڈاکٹر مختار احمد بھرتھ، فوکل پرسن برائے انسداد پولیو عائشہ رضا فاروق اور سیکرٹری قومی صحت کو حالیہ انسداد پولیو مہم کے دوران ملک میں پولیو سے زیادہ متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے انسداد پولیو مہم کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کروانے اور امیونیٹی گیپ کے حوالےسے جامع حکمت عملی ترتیب دینے کی ہدایت کی، شہباز شریف کو ملک میں حالیہ پولیو کیسز اور انسداد پولیو مہم کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملک میں اس وقت پولیو کے ایکٹو کیسز کی تعداد 41 ہو چکی ہے، ان کیسز میں سے 25 کیسز ایسے ہیں جن کی روٹین امیونائیزیشن بہتر نہیں ہے، ملک کے جن علاقوں میں بچوں میں پولیو ویکسینیشن کی شرح بہتر ہے وہاں پولیو کا پھیلاؤ کم ہے۔
اجلاس میں وزیراعظم کے کوآرڈی نیٹر برائے قومی صحت ڈاکٹر مختار احمد بھرتھ، وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے انسداد پولیو عائشہ رضا فاروق اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔