دوست ممالک سے روابط مزید مضبوط بنانے کا مشن، وزیراعظم سعودی عرب پہنچ گئے
اسلام آباد: (دنیا نیوز) دوست ممالک سے روابط مزید مضبوط بنانے کا مشن لئے وزیراعظم شہباز شریف 2 روزہ دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے۔
پاکستانی سفیر اور سعودی حکام نے وزیراعظم شہباز شریف کا استقبال کیا۔
وفاقی وزیر خزانہ و سینیٹر محمد اورنگزیب، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر پٹرولیم مصدق ملک، وزیر تجارت جام کمال، وزیر نجکاری عبدالعلیم خان اور وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں، وزیراعظم شہباز شریف ریاض انویسٹمنٹ فورم 2024 میں شرکت کریں گے۔
وزیراعظم شہبازشریف کی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات بھی متوقع ہے، فریقین اقتصادی اور سٹریٹجک شراکت داری پر تبادلہ خیال کریں گے، فریقین اقتصادی، توانائی اور دفاعی شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو تلاش کریں گے۔
اس کے علاوہ وزیراعظم شہبازشریف کا 31 اکتوبر کو دورہ قطر کا بھی امکان ہے، وزیراعظم کے دورے میں قطر تعلقات پر بات چیت ہوگی، وزیراعظم کوپ 29 میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔