ٹیکس ایڈمنسٹریشن میں بہتری اور محصولات میں اضافہ کیلئے نیا سسٹم متعارف

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ٹیکس ایڈمنسٹریشن میں بہتری اور محصولات میں اضافہ کے لئے نیا سسٹم متعارف کرا دیا گیا۔

چیئرمین ایف بی آر کی ہدایت پر ایڈوانس سٹاک رجسٹر سسٹم لانچ کر دیا گیا، اس جدید ڈیجیٹل انفراسٹرکچر سے ایف بی آر کے افسران کو رجسٹرڈ افراد کے ڈیٹا تک مکمل رسائی ہو گی۔

ایف بی آر کے مطابق نئے سسٹم سے شفافیت بڑھے گی اور انکم ٹیکس اور سیلز ٹیکس قوانین پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جا سکے گا۔

انفارمیشن سینٹر 2.0 میں دستیاب سٹاک رجسٹر ایک جدید مینجمنٹ انفارمیشن اور رپورٹنگ سسٹم کے طور پر کام کرے گا، ٹیکس افسران تفصیلی ڈیٹا حاصل کر کے ٹیکس کا درست تخمینہ لگا کر ٹیکس چوری کو کم کر سکیں گے۔

ایف بی آر کے مطابق نئے سسٹم سے ٹیکس کے معاملات کی جامع نگرانی کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا، سٹاک رجسٹر سسٹم کی بدولت ٹیکس افسران کو قوانین پر عمل درآمد کرانے اور کمپلائنس رپورٹس مرتب کرنے میں آسانی ہوگی۔

نئے سسٹم سے ڈیٹا کی تیزترین دستیابی ممکن ہو سکے گی، یہ اقدام محصولات جمع کرنے کی کوششوں میں ایک اہم پیش رفت کی حیثیت رکھتا ہے۔

ایف بی آر کے مطابق نئے سسٹم کے تحت مرکزی اور شفاف ڈیٹا ایکو سسٹم کے ذریعے ٹیکس قوانین کی پیروی یقینی بنائی جا سکے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں