فیمنزم کے علمبردار وں کو عام خواتین کے مسائل کا علم نہیں: فائزہ گیلانی
لاہور: (ویب ڈیسک) معروف پاکستانی اداکارہ فائزہ گیلانی نے کہا ہے کہ فیمنزم کے علمبردار معاشرے کی عام خواتین کے مسائل سے لا علم ہیں۔
حال ہی میں اداکارہ فائزہ گیلانی ایک پوڈ کاسٹ میں شریک ہوئیں جہاں انہوں نے کیریئر اور نجی زندگی سمیت مختلف موضوعات پر کھل کر اظہار خیال کیا۔
پوڈ کاسٹ کےد وران فیمنزم سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں فائزہ گیلانی کا کہنا تھا کہ فیمنزم سے متعلق میرے خیالات مختلف ہیں، میں حد درجے کی فیمنسٹ ہوں لیکن آج تک عورت مارچ میں شریک نہیں ہوئی ۔
انہوں نے کہا کہ مجھے عورت مارچ کے بعض نعروں پر اختلاف ہے، میں نے بھی دیگر افراد کی طرح مارچ میں شرکت کیے بغیر میڈیا میں ہونے والی تنقید پر ذہن بناکر نعروں کو غلط سمجھا۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ" فیمنزم" کا مطلب یہ ہے کہ کوئی بھی شخص خواتین کو یہ ہدایات نہیں کر سکتا کہ انہیں کیا کرنا ہے اور کیا نہیں؟ یہ خاتون کی اپنی مرضی ہونی چاہیے کہ وہ اپنی پسند کا لباس پہنے، چاہے تو وہ پردہ کرے، چاہے تو بے پردہ رہے، اسے کوئی اس معاملے پر ڈکٹیٹ نہیں کر سکتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ فیمنزم کا پرچار کرنے والے معاشرے کی عام خواتین کے مسائل سے لاعلم ہیں، فیمنزم کا جھنڈا اٹھانے والی خواتین دوسری کلاس کی ہیں، انہیں یہ احساس تک نہیں کہ یومیہ بنیادوں پر ملک کی خواتین کے ساتھ گھروں میں کیا ہوتا ہے۔