ملک میں بیرونی سرمایہ کاری کا فروغ ترجیح ہے: وزیراعظم
لاہور:(دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک میں بیرونی سرمایہ کاری کا فروغ ترجیح ہے۔
لاہور میں وزیراعظم شہباز شریف سے برطانیہ کےکاروباری وفد نے ملاقات کی۔ زبیرعیسیٰ کی سربراہی میں وفد میں برطانیہ کی سرکردہ کاروباری شخصیات شامل تھیں۔
اعلامیے کے مطابق ملاقات میں پاکستان اوربرطانیہ کے درمیان بزنس ٹوبزنس تعلقات کومزید بہتربنانے پرتبادلہ خیال کیا گیا جبکہ وفد نے ملکی معیشت کے استحکام کے لیے وزیراعظم کی معاشی پالیسیوں کی تعریف کی۔
اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھاکہ ملک میں بیرونی سرمایہ کاری کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور کاروباری برادری کوایس آئی ایف سی کے ون ونڈو آپریشن کے ذریعے بہترین سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومتی کوششوں سے حالیہ دنوں میں ملکی معیشت بہتری کی طرف گامزن ہوئی ہے، اس سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھا ہے۔