وزیراعلیٰ بلوچستان کا شہید ملازمین کے بچوں کی کفالت کا اعلان

کوئٹہ:(دنیا نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان سرفرازبگٹی نے شہید ملازمین کے بچوں کی کفالت کا اعلان کردیا۔

کوئٹہ میں سرفرازبگٹی کا تقریب سےخطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ نوجوانوں کواعلیٰ تعلیم کےمواقع فراہم کر رہے ہیں، ذہین طلبہ کی حوصلہ افزائی کیلئے سکالرشپ بھی دیئے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بچوں کوتعلیم کی فراہمی پرخصوصی توجہ دی جارہی ہے،ہم نے اقتدار میں آتے ہی بے نظیر سکالر شپ کا آغاز کیا، ہم نے 2000ء سے اب تک شہید ہونے والے افراد کے بچوں کی کفالت کا فیصلہ کیا ہے۔

سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ شہدا کےبچوں کی کفالت حکومت بلوچستان کرے گی، بلاتفریق عوام کی خدمت کرنے پر یقین رکھتےہیں، سوشل میڈیا پر بے بنیاد پروپیگنڈا کیا جارہا ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان سرفرازبگٹی کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جان قربان کرنے والے ہمارے محسن ہیں، ہماری پہلی پہچان پاکستان ہے، بلوچ، سندھی اور پنجابی دوسری پہچان ہے، میں بلوچستان کی بچیوں کوآکسفورڈ بھیج رہا ہوں یہ خودکش بمبار بنا رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم دہشت گردوں کو تعلیم سےجواب دیں گے، بلوچستان کا ایک مسئلہ کرپشن ہے، میں نےعہدہ سنبھالتے ہی تعلیم اور میرٹ پر ترجیح دی۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں