وزیراعظم سے سعودی وزیر سرمایہ کاری کی ملاقات، اقتصادی تعاون میں پیشرفت پر تبادلہ خیال

ریاض: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف سے سعودی وزیر سرمایہ کاری صالح بن عبدالعزیز نے ملاقات کی جس میں اقتصادی تعاون میں پیشرفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ریاض میں منعقدہ عرب اسلامک سمٹ کی سائیڈ لائن پر ہونے والی ملاقات میں وزیراعظم نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور عرب اسلامک ممالک کے غیر معمولی سربراہی اجلاس کے انعقاد پر سعودی قیادت کو خراج تحسین پیش کیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دہائیوں پر محیط برادرانہ تعلقات ہیں جو ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں، سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے، فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹو فورم کی سائیڈ لائنز پر سعودی ولی عہد سے ملاقات انتہائی مفید رہی۔

وزیراعظم نے سعودی وزیر سرمایہ کاری سے کہا کہ ان کا حالیہ دورہ پاکستان سرمایہ کاری اور معاشی تعلقات کو مضبوط بنانے کے حوالے سے ایک اہم سنگ میل تھا۔

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں