شہریوں سے 85 ہزار ہتھیانے والے پنجاب پولیس کے 4 اہلکار برطرف

لاہور: (ویب ڈیسک) شہریوں سے 85 ہزار روپے ہتھیانے والے چار اہلکاروں کو نوکری سے برطرف کر دیا گیا۔

ڈی آئی جی آپریشنز کی ہدایت پر ایس ایس پی آپریشنز نے انکوائری میں جرم ثابت ہونے پر اہلکاروں کو برطرف کرنے کے آرڈر جاری کر دیئے، ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق اہلکاروں کو انکوائری رپورٹ میں قصور وار ثابت ہونے پر ڈسمس کیا گیا ہے۔

نوکری سے ہٹائے جانے والوں میں ہیڈ کانسٹیبل محمد نواز، کانسٹیبل امتیاز احمد، حمیر الحسن اور نعمان ساجد شامل ہیں جنہوں نے پانچ نومبر کو خیبرپختونخوا کے ضلع چار سدہ کے رہائشی مصطفیٰ اور ادریس کو خریداری کے بعد بس اڈے سے حراست میں لیا اور چیکنگ کے بہانے نامعلوم مقام پر لے گئے تھے۔

انکوائری رپورٹ کے مطابق برخاست اہلکاروں نے مصطفیٰ اور ادریس سے 85 ہزار روپے ہتھیائے جس کا انہوں نے دوران تفتیش اعتراف بھی کرلیا ہے۔

ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا ہے کہ عوام کو تنگ کرنے اور قانون شکنوں کی محکمہ میں کوئی جگہ نہیں ہے، لاہور پولیس خوداحتسابی کے تمام اصولوں پر سختی سے عمل پیرا ہے، افسر ہو یا اہلکار، اختیارات سے تجاوز کرنے پر زیرو ٹالرنس پالیسی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں