چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی وفد کے ہمراہ دبئی سے وطن واپسی

لاہور: (دنیا نیوز) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی پی سی بی وفد کے ہمراہ دبئی سے وطن واپس پہنچ گئے۔

بورڈ ذرائع کے مطابق دبئی کے دورے کے دوران چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے معاملے پر متعدد اہم ملاقاتیں کیں، ان ملاقاتوں میں چیئرمین پی سی بی نے آئی سی سی کو چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے پاکستان کی شرائط بھی پیش کردی ہیں۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ اپنے اصولی مؤقف پر قائم ہے جبکہ بھارت کے جواب کا انتظار ہے، دبئی میں تعطیلات کی وجہ سے جواب آنے میں وقت لگ سکتا ہے۔

وطن واپسی پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے سرنڈر کی کہانیاں فضول ہیں اگر سرنڈر کرنا ہوتا تو آئی سی سی اور انڈیا وقت نہ مانگتے۔

قبل ازیں دبئی میں میڈیا سے گفتگو میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پاکستان چیمپئنز ٹرافی پر یکطرفہ فیصلے نہیں کرنے دے گا، فیصلے برابری کی بنیاد پر ہونے چاہئیں، ہم بھارت جائیں اور وہ نہ آئیں، یہ نہیں ہوسکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایسا فیصلہ ہوگا کہ آئی سی سی کے مستقبل کے ایونٹس بھی اسی فارمولالے کے تحت ہوں گے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں