کراچی: رمپا پلازہ میں آتشزدگی، فائربریگیڈ آگ بجھانے میں مصروف
کراچی: (دنیا نیوز)ایم اے جناح روڈ رمپا پلازہ میں آگ لگ گئی، فائر بریگیڈ کی 3 گاڑیاں اور ایک اسنارکل آگ بجھانے میں مصروف ہے۔
ذرائع کے مطابق آگ عمارت کی چوتھی منزل پر لگی ہے جو دیکھتے ہی دیکھتے پانچویں منزل تک جا پہنچی، ریسکیو 1122 کی ڈیزاسٹر رسپانس وہیکل بھی رمپا پلازہ پہنچ گئی عمارت میں دھواں بھرجانے سے مشکلات کا سامنا ہے۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ ڈی آر وی کی مدد سے عمارت میں بھرا دھواں نکالنے کی کوشش کی جائے گی، عمارت میں ہنگامی اخراج کا راستہ نہیں ہے، عمارت میں دھویں کے اخراج کا بھی کوئی راستہ نہیں جس کے باعث مشکلات ہیں۔
پاک بحریہ کے فائر فائٹرز کی جانب سے بھی پلازہ میں لگی آگ پر قابو پانے میں ریسکیو کی بھرپور معاونت کی جارہی ہے، پاک بحریہ کے دو فائر ٹینڈرز، فائر باؤزر اور ریسکیو عملہ آگ بجھانے میں مصروف عمل ہے۔
پاک بحریہ کا ریسکیو عملہ متاثرین کو باحفاظت عمارت سے نکالنے میں مصروف ہے اور پاک بحریہ کے فائر فائٹرز سول انتظامیہ کی آگ بجھانے میں بھرپور معاونت کررہے ہیں۔
وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے رمپا پلازہ میں آگ لگنے کا نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ شہر کے مصروف ایم اے جناح روڈ پر واقع رمپا پلازہ میں لگی آگ بجانے کے لیے فوری اقدامات کئے جائیں اور آگ لگنے کی وجوہات بارے تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے۔
سید مراد علی شاہ نے کہا کہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی سمیت تمام متعلقہ ادارے عمارتوں کی انسپکشن کریں۔
دوسری جانب میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے بھی رمپا پلازہ میں آگ لگنے کا نوٹس لے لیا، میئر کراچی نے چیف فائر آفیسر سے آگ لگنے کے واقعہ سے متعلق تفصیلات معلوم کیں۔
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ تاحال کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے، تمام افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے، آگ لگنے کے واقعہ میں کم سے کم مالی نقصان کی بھرپور کوشش کی جارہی ہے۔
انہوں نے بتایا ہے کہ آگ بجھانے کے لیے تمام وسائل استعمال کیے جارہے ہیں، اسنارکل اور فائر بریگیڈ کی گاڑیاں موقع پر پہنچ کر آگ بجھانے میں مصروف ہیں، رمپا پلازہ کی چوتھی اور پانچویں منزل پر لگنے والی آگ پر قابو پانے کیلئے اسنارکل کے ذریعے کارروائی کی جارہی ہے۔