1 ہزار یوٹیلیٹی سٹورز بند کرنے سے 6 ہزار ملازمین فارغ ہوں گے: ذرائع وزارت صنعت

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ذرائع وزارت صنعت کے مطابق 1 ہزار یوٹیلیٹی سٹورز بند کرنے کے فیصلے سے 6 ہزار ملازمین کو نوکری سے ہاتھ دھونا پڑے گا۔

ذرائع کے مطابق یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کے گزشتہ 3 ماہ کے دوران مجموعی نقصانات تقریباً اڑھائی ارب روپے تک پہنچ گئے، اس وقت یوٹیلیٹی سٹورز کا ماہانہ مالی نقصان تقریباً 90 کروڑ روپے سے تجاوز کر چکا ہے۔

یوٹیلیٹی سٹورز بند ہونے سے نوکری سے فارغ ملازمین کیلئے متعلقہ وزارت نے کوئی پلان نہیں دیا، ملازمین کو گزشتہ ماہ کے دوران بھی تنخواہوں کی ادائیگیوں میں تاخیر کا سامنا ہے۔

ذرائع صنعت وپیداوار کے مطابق حکومتی سبسڈی نہ ملنے کے باعث یوٹیلیٹی سٹور کو خسارے اور وینڈرز نادہندگی کا سامنا ہے، ایف بی آر کی جانب سے 7 ارب روپے سیلز ٹیکس کی مد میں کٹوتی کی رقم بھی یوٹیلیٹی سٹورز کو واپس نہ ہوئی۔

حکومت نے یوٹیلیٹی سٹورز کو اہم سرکاری ملکیتی ادارہ ڈکلیئر کیا جس کے باعث نجکاری نہیں ہوسکتی، رواں مالی سال کیلئے یوٹیلیٹی سٹورز کیلئے 60 ارب روپے سبسڈی مختص ہے جو بند کر دی گئی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں