16 دسمبر کا دلخراش سانحہ آج بھی ملک کو سوگوار کردیتا ہے: عبدالغفور حیدری
اسلام آباد :(دنیا نیوز) مرکزی رہنما جے یو آئی ف مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ 16 دسمبر کا واقعہ ایک دلخراش سانحہ تھا جوآج بھی پورے ملک کو سوگوار کردیتا ہے ۔
اسلام آباد سے جاری اپنے ایک بیان میں عبدالغفور حیدری کا کہنا تھا کہ اس واقعے میں وہ بچے شہید ہوئے جنہوں نے اپنی زندگی کی بہاریں تک نہ دیکھیں، اس وقت کی حکومت نے ایک آل پارٹیز کانفرنس بلائی اور مجرموں کے خلاف کارروائی کا آغاز کیا گیا اس کے بعد آپریشن کئے گئے۔
انہوں نے کہا کہ شہادتوں کی ایک لمبی داستان ہے، شہید بے نظیر بھٹو، سانحہ کارساز سمیت کئی سیاستدان اور علماء دہشتگردی کا شکار ہوئے اس وقت درجنوں کے حساب سے بے گناہ لوگ شہید ہورہے ہیں۔
رہنما جے یو آئی ف کا کہنا تھا کہ کرم ایجنسی کے حوالے سے احتجاج بھی ہورہا ہے وہاں کی حکومت کی ذمہ داری وہ امن قائم کرے اب بھی وہاں سڑکیں بند ہیں، ماضی میں بھی شہادتیں ہوئیں، سب سے زیادہ شہید جے یو آئی کے ہیں کچھ عرصہ قبل کوئٹہ ریلوے سٹیشن پر بم دھماکہ ہوا جس میں ہمارے کارکن شہید ہوئے۔