پی ٹی آئی سے مذاکرات کا عمل مثبت سمت میں جاری ہے: عطا تارڑ
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف سے مذاکرات کا عمل مثبت سمت میں جاری ہے، بات چیت سے ہی راستے نکلتے ہیں۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال خوشخبریوں کا سال رہا ہے، 2025 سیاسی استحکام کا سال ہو گا، اڑان پاکستان ایک وژن ہے جس میں کھیل بھی شامل ہے، ہم نے اڑان پاکستان پروگرام سے شاہین کی طرح ٹیک آف کرنا ہے، پاکستان ہے تو ہم سب ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی پاکستان آرہی ہے، پاکستانیوں کیلئے یہ بہت بڑا ایونٹ ہے، ہم بہت عرصے بعد چیمپئنز ٹرافی جیسے بڑے ایونٹ کی میزبانی کرنے جارہے ہیں، ہم تمام ٹیموں کی بھرپور میزبانی کریں گے، پاکستان کی عالمی سطح پر ساکھ بحال ہوگی۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس کرکٹ گراؤنڈز کا انفراسٹرکچر بھی موجود ہے، قذافی سٹیڈیم سمیت دیگر گراؤنڈز میں کام جاری ہے، محسن نقوی وزیراعظم شہبازشریف کی سربراہی میں بہت اچھا کام کر رہے ہیں، وزیرداخلہ محسن نقوی نے بطور چیئرمین پی سی بی بڑے ریفارمز کیے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اب بغیر ثبوتوں کے سیاسی باتیں زیادہ کی جارہی ہیں، انٹرنیٹ میں بہتری ہے آئندہ دنوں میں مزید آئے گی، دنیا میں سستا ترین انٹرنیٹ پاکستان میں ہے، دنیا کے کسی ملک میں اس طرح کے ڈیٹا پیکجز نہیں ہوتے۔