پاک بھارت کشیدگی بارے سیاسی رہنماؤں کو بریفنگ جاری، پی ٹی آئی غیر حاضر
اسلام آباد:(دنیا نیوز) پاک بھارت کشیدگی کے معاملے پر وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ اور ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری کی سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کو بریفنگ شروع ہوگئی۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ اور ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے سیاسی جماعتوں کے سرکردہ رہنماؤں کو موجودہ قومی سلامتی کی صورتحال پر اہم بیک گراؤنڈ بریفنگ کا اہتمام کیا ہے، سیاسی رہنماؤں کو بیک گراونڈ بریفنگ پی ٹی وی ہیڈ کوارٹرز میں ان کیمرا دی جارہی ہے۔
بریفنگ میں سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق ، جمعیت علماء اسلام کے نور عالم خان، وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری، وزیر مملکت کھیل داس کوہستانی شریک ہیں جبکہ پاکستان تحریک انصاف نے حکومت کی بیک گراؤنڈ بریفنگ کا بائیکاٹ کیا ہے۔
دوسری جانب پی ٹی آئی سیاسی کمیٹی نے بیان جاری کیا ہے کہ موجودہ صورت حال میں آل پارٹیز کانفرنس بلانی چاہیے تھی، اس لیے ہم اس بریفنگ میں شامل ہونا ضروری نہیں سمجھتے۔