اسرائیل کو دفاع کا حق حاصل، ایران کے پاس جوہری ہتھیار نہیں ہونا چاہئے: جی سیون
البرٹا: (دنیا نیوز) جی سیون کے مطابق اسرائیل کو دفاع کا حق حاصل ہے، ایران کے پاس کبھی بھی جوہری ہتھیار نہیں ہونا چاہئے۔
جی سیون کے جاری کردہ اعلامیہ میں ایران اسرائیل کشیدگی ختم کرنے کا مطالبہ کیا گیا، توانائی کی منڈیوں سمیت مارکیٹ کے استحکام کے تحفظ کاعہد کیا گیا۔
ٹرمپ نے جی سیون رہنماؤں کو بتایا ایران اسرائیل سیز فائر کیلئے بات چیت ہوئی، فرانسیسی صدر میکرون نے اپنے بیان میں کہا کہ سیز فائر طے پا گیا تو یورپی شراکت دار ایران جوہری مذاکرات میں حصہ لینے کو تیار ہیں۔
ٹرمپ کی ایرانی شہریوں کو تہران خالی کرنے کی وارننگ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایرانی شہریوں کو تہران خالی کرنے کی وارننگ دیدی۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پیغام میں کہا کہ ایران کو معاہدے پر دستخط کر دینے چاہئے، ڈیل سائن کرنے سے متعلق بتا چکا ہوں، انسانی جانوں کا ضیاع ہو رہا ہے جو شرم ناک ہے، متعدد بار کہہ چکا ہوں ایران جوہری ہتھیار نہیں رکھ سکتا۔
امریکی صدر نے جنگوں کی ذمہ داری بائیڈن انتظامیہ پرڈال دی، انہوں نے کہاکہ ہم نے ایران کو 60 دن دیئے تھے مگر اُس نے انکار کر دیا، سب جانتے ہیں اسرائیل بہت اچھا کر رہا ہے، ایران اور اسرائیل کشیدگی کم کرنے کیلئے ہی اکٹھے ہوئے۔
کینیڈا میں جی سیون ممالک کے اجلاس کے موقع پر ڈونلڈ ٹرمپ کا کیئر سٹارمر کے ساتھ میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ ایران نیوکلیئر ڈیل پر دستخط نہیں کر رہا وہ بے وقوف ہے۔
امریکی صدر نے جی سیون اجلاس میں شمولیت کا دورانیہ مختصر کر دیا، ڈونلڈ ٹرمپ نے ارکان کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ قومی سلامتی کونسل سچویشن روم میں تیار رہے۔
ایران کو کشیدگی کم کرنے پر بات کرنی چاہیے، اس سے قبل کہ بہت دیر ہو جائے: ٹرمپ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کو کشیدگی کم کرنے پر بات کرنی چاہیے، اس سے قبل کہ بہت دیر ہو جائے۔
جی سیون اجلاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ایران کو ہر حال میں مذاکرات کی طرف آنا ہوگا، ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران یہ جنگ نہیں جیت رہا، ایرانی حکام کشیدگی میں کمی کے لیے بات چیت کرنا چاہیں گے۔
انہوں نے کہاکہ ایران کے ساتھ ہمارا کوئی معاہدہ نہیں ہے انہیں ایک معاہدہ کرنا ہوگا، ایران کے پاس 60 دن تھے، 61 ویں دن میں یہ ہونا ہی تھا، جنگ دونوں فریقوں کے لیے تکلیف دہ ہے۔
واضح رہے کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی جاری ہے، اسرائیل نے ایران پر فضائی بمباری کرتے ہوئے سرکاری ٹی وی کو نشانہ بنایا ہے، جہاں سے شہادتوں کی اطلاعات موصول ہورہی ہیں۔