ٹرمپ نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بند کرانے پرنوبل پرائز مانگ لیا

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر نے پاکستان اور بھارت کےدرمیان جنگ بند کرانے پرنوبل پرائز مانگ لیا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ روانڈا، کانگو، سربیا ، کوسوو کیلئے بھی نوبل پرائز دو، نوبل پرائز صرف لبرلز کو ملتا ہے، یہ لوگ مجھے نوبل انعام نہیں دیں گے۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران سے بات کریں گے، دیکھتے ہیں کیا نتیجہ نکلتا ہے، مذاکرات سے پہلے سیز فائر چاہتا ہوں، رکنا بہت مشکل ہوگا، اسرائیل ٹھیک جا رہا ہے، ایران کم اچھا جا رہا ہے، ایران پر حملے کیلئے زیادہ سے زیادہ 2 ہفتے لوں گا۔
اسرائیل ایران کی جوہری صلاحیت ختم نہیں کرسکتا
ٹرمپ نے کہاکہ اسرائیل سے فضائی حملے روکنے کا کہنا مشکل ہے، اسرائیل کے پاس اتنی صلاحیت نہیں کہ وہ ایران کی جوہری صلاحیت ختم کر سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکی اثاثوں پرحملہ ہوا تو حملہ کرنے والوں کو بہت دکھ ہوگا، ایران میں زمینی فوج اتارنا آخری حل ہوگا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ہی انٹیلی جنس حکام کوغلط قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران نے ایٹمی طاقت کیلئے مواد جمع کر لیا تھا، ڈائریکٹر انٹیلی جنس ایرانی ایٹمی ہتھیاروں سے متعلق غلط ہیں، ایران کی ایٹمی صلاحیت سے متعلق تلسی گبارڈ نے بھی غلط کہا۔