محرم الحرام کا چاند دیکھنے کیلئے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس

کوئٹہ: (دنیا نیوز) محرم الحرام کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کوئٹہ میں جاری ہے۔

کوئٹہ کے ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقدہ مرکزی اجلاس کی صدارت چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کر رہے ہیں۔

کوئٹہ میں مطلع ابر آلود اور گرد آلود ہے، چاند نظر آنے کے امکانات کم ہیں، کوئٹہ میں چاند نظر آنے کا دورانیہ 50 منٹ ہوگا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق چاند 8 بج کر 10 منٹ سے لے کر 9 بجے تک دیکھا جا سکتا ہے، چاند کی عمر 28 گھنٹے 38 منٹ ہے۔

زونل اور ضلعی رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس بھی آج ہو رہے ہیں، اسلام آباد میں زونل کمیٹی کا اجلاس وزارت مذہبی امور کے سیکرٹریٹ میں ہورہا ہے۔

لاہور میں محرم الحرام 1447 ہجری کے چاند کی رویت کیلئے زونل رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس شروع ہوگیا، ڈی جی محکمہ اوقاف خالد محمود سندھو اجلاس کی صدارت کر رہے ہیں۔

محکمہ موسمیات کراچی میں محرم الحرام کا چاند دیکھنے کے لئے زونل کمیٹی کا اجلاس جاری ہے، اجلاس کی صدارت علامہ حافظ محمد سلفی کر رہے ہیں، اجلاس میں زونل کمیٹی کے ممبران، چیف میٹرولوجسٹ امیر حیدر لغاری شریک ہیں۔

پشاور میں بھی محرم الحرام کا چاند دیکھنے کے لئے زونل رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس جاری ہے۔

محرم کا چاند نظر آنے یا نہ آنے کا حتمی اعلان چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کریں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں