گلگت بلتستان کے بلدیاتی انتخابات کب ہوں گے؟ شیڈول کا اعلان
گلگت بلتستان:(دنیا نیوز) چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز خان نے بلدیاتی انتخابات کے شیڈول اعلان کر دیا۔
الیکشن کمیشن کے شیڈول کے مطابق 14 فروری 2026 بروز ہفتہ پولنگ ہوگی، 19 دسمبر 2025 کو پبلک نوٹس جاری کیا جائے گا، کاغذات نامزدگی 22 دسمبر سے 26 دسمبر 2025 تک جمع کروائے جائیں گے۔
چیف الیکشن کمیشن گلگت بلتستان کا کہنا تھا کہ بلدیاتی انتخابات وقت کی اہم ضرورت، الیکشن کمیشن ہمہ وقت تیار اور پرعزم ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ گزشتہ 20 سال سے بلدیاتی انتخابات نہیں ہوئے، انتخابات سے عوامی مسائل براہ راست حل ہوں گے، بلدیاتی انتخابات جمہوری اداروں کو مضبوط کرنے اور علاقے کی ترقی کے لیے سنگ میل کی حیثیت رکھتے ہیں۔
راجہ شہباز خان کا مزید کہنا تھا کہ انتخابات سے عوام کو نچلی سطح پر فیصلہ سازی اور مقامی ترقی میں براہ راست شمولیت کا موقع ملے گا، انتخابات صاف، شفاف، منصفانہ اور قانون کے مطابق منعقد کیے جائیں گے۔