بگ بیش لیگ کا تاریخ ساز میچ، ایک ساتھ کئی انوکھے ریکارڈ قائم

برسبین: (دنیا نیوز) آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ میں برسبین ہیٹ اور پرتھ سکارچرز کے میچ کے دوران کئی نئے ریکارڈز رقم ہوگئے۔

برسبین ہیٹ نے پرتھ سکارچرز کو 8 وکٹ سے مات دے کر کئی ریکارڈ بنا دیئے، برسبین ہیٹ نے ٹاس جیت کر پرتھ سکارچرز کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی تو ان کا یہ فیصلہ غلط لگنے لگا اور شکست یقینی نظر آنے لگی۔

پرتھ سکارچرز نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 257 رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا، فن ایلن نے 79 اور کُوپر کونولی نے 77رنز کی اننگز کھیلیں، جواب میں برسبین ہیٹ نے 258 رنز کا ہدف میچ کے آخری اوور کی پانچویں گیند پر صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

یہ بگ بیش لیگ کی تاریخ میں حاصل کیا جانے والا سب سے بڑا ہدف ہے جبکہ مجموعی طور پر ٹی 20 میں تیسرا بڑا ہدف ہے، جیک ولڈر متھ 110 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے جبکہ میٹ رنشا نے 102رنز بنائے۔

آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے جب ایک اننگز میں 2 سنچریاں بن گئیں، دونوں کھلاڑیوں نے بگ بیش لیگ کی تاریخ کی سب سے بڑی 212 رنز کی شراکت بھی قائم کی، اس کے علاوہ ایک میچ میں سب سے زیادہ چھکوں کا ریکارڈ بھی قائم ہوگیا۔

اس میچ میں مجموعی طور پر 515 رنز بنے اور بگ بیش کی تاریخ کے ایک میچ میں سب سے زیادہ 36 چھکوں کا ریکارڈ بھی قائم ہوا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں