ہنزہ میں 4 برفانی تیندوؤں کی موجودگی کا تاریخی لمحہ کیمرے میں قید

گگلت: (ویب ڈیسک) ہنزہ کے پاسو علاقے میں ایک نادر منظر میں ایک برفانی تیندووا مادہ اپنے 3 بچوں کے ساتھ ایک نظر آئی۔

ماہرینِ تحفظِ ماحولیات کے مطابق یہ واقعہ اس خطے کی تاریخ میں صرف دوسری بار دستاویزی شکل میں ریکارڈ ہوا ہے۔

برفانی تیندوے دنیا کے سب سے پوشیدہ اور نایاب جانوروں میں شمار ہوتے ہیں، برف اور پتھریلی پہاڑیوں کے ساتھ قدرتی ہم آہنگی کی وجہ سے یہ انسانی نظر سے اکثر اوجھل رہتے ہیں، ایک برفانی تیندوے کو کیمرے میں قید کرنا بھی بڑی کامیابی سمجھا جاتا ہے، لہٰذا 4 سنو لیپرڈز کا ایک ساتھ دکھائی دینا واقعی غیر معمولی ہے۔

اس سے قبل یہ منظر ہُشے ویلی، بلتستان میں ریکارڈ کیا گیا تھا، اور ہنزہ کی یہ جھلک اب اس خطے میں دوسری تصدیق شدہ دستاویز کے طور پر شامل ہو گئی ہے، یہ شاندار ویڈیو واکھان وائلڈ لائف ٹیم نے ریکارڈ کی، جن کی مسلسل محنت اور مانیٹرنگ نایاب انواع کی حفاظت میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔

ماہرینِ جنگلی حیات کے مطابق، یہ منظر پاسو میں صحت مند ماحولیاتی نظام کی نشاندہی کرتا ہے، ایک ماں کے 3 بچوں کے ساتھ موجود ہونا مناسب شکار کی دستیابی اور انسانی مداخلت کی کمی کی علامت ہے، جو علاقے میں کامیاب تحفظی اقدامات کی دلیل ہے۔

سنو لیپرڈز عالمی سطح پر خطرے سے دوچار نوع کی حیثیت رکھتے ہیں اور انہیں ماحولیاتی تبدیلی، مسکن کے نقصان اور انسانی تنازعات کے خطرات لاحق ہیں، ایسے مناظر تحفظِ ماحولیات کی امید اور حوصلہ بڑھاتے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں