قمبر شہداد کوٹ: پولیس اہلکاروں کی شہادت میں ملوث بدنام زمانہ ڈاکو ہلاک

قمبر شہداد کوٹ: (دنیا نیوز) پولیس اہلکاروں کی شہادت میں ملوث سندھ اور بلوچستان کا بدنام زمانہ ایک ڈاکو ہلاک ہوگیا جبکہ دوسرے کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔

ایس ایس پی حسن سردار نیازی نے بتایا کہ نصیر آباد اور حمل روڈ پر ڈاکوؤں کے ساتھ مقابلے ہوئے، گشت پر موجود پولیس اہلکاروں اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک بدنام ڈاکو ہلاک جبکہ دوسرا زخمی حالت میں گرفتار ہوا، دونوں ڈاکوؤں کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا۔

انہوں نے بتایا کہ ہلاک ڈاکو کی شناخت مشتاق چانڈیو اور زخمی کی وحید جونیجو کے نام سے ہوئی، ہلاک مشتاق چانڈیو سندھ اور بلوچستان کا بدنام زمانہ ڈاکو تھا جس نے 2014ء میں پولیس اہلکار یار علی لاشاری اور 2020ء میں ہیڈ کانسٹیبل رحمان بھٹی کو شہید کیا تھا۔

ایس ایس پی قمبرشہداد کوٹ نے مزید بتایا کہ ہلاک ڈاکو مشتاق دو پولیس اہلکاروں کی شہادت سمیت 20 سے زائد مقدمات میں ملوث تھا، زخمی حالت میں گرفتار ڈاکو وحید 10 سے زائد سنگین مقدمات میں مطلوب تھا، دونوں ڈاکوؤں کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے سرچ آپریشن جاری ہیں، ہلاک اور زخمی ڈاکو کو ٹراما سینٹر منتقل کر دیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں