علی ترین کا پی ایس ایل کی نئی ٹیموں کی نیلامی میں شامل نہ ہونے کا اعلان
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز ملتان سلطانز کے سابق مالک علی ترین نے پی ایس ایل کی 2 نئی ٹیموں کی نیلامی میں شامل نہ ہونے کا اعلان کر دیا۔
پی ایس ایل کی2 نئی ٹیموں کی نیلامی آج اسلام آباد میں ہوگی، نیلامی کا عمل جناح کنونشن سینٹر اسلام آباد میں ہو گا، 2 کامیاب پارٹیاں راولپنڈی، حیدر آباد، فیصل آباد، گلگت، مظفرآباد اور سیالکوٹ میں سے ٹیموں کے نام منتخب کر سکیں گے۔
تاہم نیلامی سے کچھ وقت پہلے علی ترین نے پی ایس ایل کی 2 نئی ٹیموں کی نیلامی میں شامل نہ ہونے کا اعلان کر دیا۔
علی ترین نے سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ غور و فکر کے بعد، میں نے اور میرے خاندان نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ ہم آج ہونے والی پی ایس ایل فرنچائز نیلامی میں حصہ نہیں لیں گے۔
علی ترین نے کہا کہ ملتان سلطانز کے ساتھ ہمارا وقت صرف ایک کرکٹ ٹیم کی ملکیت تک محدود نہیں تھا۔ یہ جنوبی پنجاب کے لیے تھا، انہوں نے کہا کہ اگر میں دوبارہ پی ایس ایل میں آیا تو وہ بھی اسی مقصد کے لیے ہوگا۔ جنوبی پنجاب میرے دل کے قریب ہے، یہی میرا گھر ہے۔
علی ترین نے کہا کہ اس سال میں اسٹیڈیم میں کھلاڑیوں کے لیے تالیاں بجاتے ہوئے اور شائقین کے ساتھ خوشیاں مناتے ہوئے موجود ہوں گا اور جب ملتان کی ٹیم فروخت کے لیے آئے گی، ہم تیار ہوں گے۔