عدالت نے درختوں کی کٹائی اور تراش خراش پر پابندی عائد لگا دی
لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے درختوں کی کٹائی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ضلع بھر میں درختوں کی کٹائی اور تراش خراش پر فوری طور پر پابندی عائد کر دی۔
لاہورہائیکورٹ نے غیر مجاز طور پر کسی بھی درخت کی کٹائی پر مکمل پابندی عائد کی، عدالت کی طرف سے پی ایچ اے کے تمام ڈائریکٹرز کو احکامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ایم ڈی پی ایچ اے لاہور نے پابندی سے متعلق مراسلہ جاری کر دیا، جس کے مطابق درختوں کی شاخوں کی معمولی کٹائی، تراش خراش یا پروننگ بھی پیشگی تحریری اجازت کے بغیر نہیں کی جا سکتی۔
مراسلے کے مطابق بجلی کے تاروں کی کلیئرنس، حفاظتی اقدامات یا خوبصورتی کی بحالی کے لیے بھی اجازت درکار ہوگی۔
ماحولیاتی تحفظ اور شہری ہریالی کے فروغ کیلئے درختوں کا تحفظ ناگزیر ہے، کسی قسم کی خلاف ورزی پر متعلقہ قوانین کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
مراسلہ ہارٹیکلچر ایجنسی لاہور کے تمام ڈائریکٹرز، پراجیکٹ ڈائریکٹرز اور انچارج افسران کو جاری کیا گیا ہے۔